Advertisement

آقائوں کی جاگیر بنا ہوا سندھ

عروف سندھی دانشور، تجزیہ نگار اور کالم نگار نصیر میمن نے مذکورہ بالا عنوان کے تحت کثیر الاشاعت سندھی روزنامہ ’’کاوش‘‘ حیدرآباد کے ادارتی صفحہ پر بروز جمعہ 16مئی 2014 ء کو اپنے تفصیلی کالم میں پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے اور باوسائل صوبے، سندھ میں گزشتہ 6 برس سے زائد برسراقتدار پیپلزپارٹی کی حکومت کی حد درجہ ’’بیڈگورننس‘‘ اور بدعنوانی کے حوالے سے بڑے مؤثر اور مدلل انداز میں جو منظر کشی کی ہے اس کا ترجمہ پیش خدمت ہے۔ نیز حکومتِ سندھ کے اربابِ اختیار اور متعلقہ ذمہ داران کے لیے بھی نصیر میمن کا یہ کالم اس لیے چشم کشا اور قابلِ غور و فکر و لائقِ تشویش ہونا چاہیے کہ اس میں بین الاقوامی اداروں کے اہم افسران کے حکومتِ سندھ کے ذمہ داران کی عدم کارکردگی اور بدانتظامی کے بارے میں تحفظات و خدشات کا برملا اظہار موجود ہے،



یعنی
سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا؟
کہتی ہے تجھ کو خلقِ خدا غائبانہ کیا



’’


اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی ادارے کے ریجنل افسر سے جب دورانِ اجلاس میں نے سوال پوچھا کہ آپ ہمارے ملک میں اتنے ملین ڈالر کے پراجیکٹس چلارہے ہیں لیکن صوبہ سندھ میں آپ کی کسی ایک بھی پراجیکٹ کا نہ ہونا چہ معنی دارد؟ جواباً انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ صوبائی حکومتوں کے محکموں کے ساتھ کام کرتا ہے اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ سندھ کے محکموںکا حال اتنا خراب اور ابتر ہے کہ ان کے ساتھ ہمارا کام کرنا ممکن ہی نہیں رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں حکومت اور انتظامیہ کو بات سمجھانی بھی مشکل ہوگئی ہے اور اکثر اداروں کے اعلیٰ افسران ایسے ہیں جن سے پراجیکٹ کے لیے مطلوبہ تمام کام تک نہیں ہوپاتے اور بجٹ بناتے وقت اُن کا سارا زور سامان کی خریداری، بھرتیوں اور حصولِ مراعات پر مرتکز رہتا ہے۔ چائے کے وقفے کے دوران اسی سربراہ نے مجھے ایک طرف لے جاکر بتایا کہ میرا اپنا تعلق بھی کراچی سے ہے اور میں نے سندھ کی برباد شدہ آبادیاں بھی دیکھ رکھی ہیں، لیکن افسوس کہ حکومتِ سندھ کے ساتھ کام کرنے کا میرا اتنا تلخ تجربہ ہے کہ ہمارے بیرونی ممالک کے افسران نے سندھ میں کام کرنے سے توبہ کرلی ہے، جبکہ اس کی بہ نسبت پنجاب کی انتظامی مشینری
نہایت قابل افراد پر مشتمل ہے اور نتائج بھی نہایت امید افزا برآمد ہوتے ہیں۔


اس واقعہ کے کچھ دن بعد ہی ایک سفارت کار کے گھر میں ڈنر کے دوران میں نے اُن کی طرف سے امداد دینے والے شعبے کے سربراہ سے جب وہی سوال پوچھا تو اس کا جواب بھی تقریباً ویسا ہی تھا۔ اس شخص نے ماضی میں بھی پاکستان میں امدادی شعبے میں کام کیا تھا اور اس کا تقرر ایک مرتبہ پھر یہاں ہوا ہے۔ وہ مجھ سے دریافت کرتے ہوئے کہنے لگا کہ آپ سندھی تو بھٹوئوں اور پیپلزپارٹی کے لیے مجنوں بنے پھرتے ہیں لیکن ان سے پوچھتے کیوں نہیں کہ انہوں نے سندھ کے ساتھ ایسا حشر کیوں کیا ہے؟ بعد ازاں اُس نے سندھ کی بیوروکریسی کے ساتھ کام کرنے کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی نااہلی، سُستی اور کرپشن کے دو تین واقعات بھی سنائے جن سے میرا سر مارے شرم کے جھک سا گیا۔


چند روز قبل ایک لاہوری دوست کو کسی عزیز کے حادثے میں زخمی ہونے کے باعث سندھ کے ایک ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں کچھ گھنٹے ٹھیرنے کا اتفاق ہوا۔ پیپلزپارٹی سے دیرینہ تعلق رکھنے والے اس شخص نے کہا کہ مجھے ضلعی ہیڈ کوارٹر سطح کے اسپتال کی حالتِ زار دیکھ کر سخت دکھ پہنچا ہے کہ پیپلزپارٹی جو سندھیوں کی پارٹی ہے، اُس کی مسلسل چھ برس کی حکومت کے بعد بھی سندھ کے اہم اسپتالوں کا ابتر حال ہے۔ اس کے بقول اگر ’’پنجاب کی کسی اسپتال کا ایسا حال ہوتا تو شہبازشریف محکمہ صحت کے افسران کی کھال کھینچ لیتے۔‘‘ انہیں کیا پتا کہ سندھ کے حکمرانوں نے اپنے چہیتے افسران کو خوش کرنے کے لیے سارے ہی اہلِ سندھ کی کھال اتار ڈالی ہے۔


حال ہی میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سندھ اسمبلی میں تھر کے قحط اور تھری عورتوں کے حوالے سے تقریر کی گئی۔ اسلام آباد کے امدادی ادارے کے افسران اس حوالے سے حیرت کا شکار ہیں کہ حکمران انسانی المیوں پر بھی بے حسی کی انتہا تک پہنچے ہوئے ہیں۔ ایک امدادی ادارے میں کام کرنے والے ایک سینئر دوست نے مجھ سے پوچھا: ’’کیا خیال ہے، اگر ایسی تقریر پنجاب کا کوئی سیاستدان تھری خواتین کے متعلق کرتا تو آپ سندھی ملک کو الٹا کردیتے، لیکن داد دینی چاہیے آپ کے ایمان کو کہ اپنے رہنمائوں کے ہاتھوں اپنی ایسی تذلیل پر بھی چپ سادھ لی ہے۔‘‘


یہ تو ہیں وہ چند حوالے جو ماضی قریب میں ہونے کی وجہ سے گوش گزار کیے ہیں، اور یہ کہ سندھ کی حکمرانی کے متعلق اسلام آباد کے سفارتی اور امدادی حلقوں میں یہ تاثر عام ہے کہ سندھ میں کام کرنے کا مطلب ہے پیسے اور وقت کا زیاں۔ سندھ میں بیٹھ کر میں بھی ان سب باتوں کو سندھیوں کے ساتھ تعصب کے کھاتے میں ڈالتا تھا لیکن پیپلزپارٹی کے حکمرانوں نے سندھ کے ساتھ جو حشر کیا ہے اس سے ایسا تاثر پیدا ہونا حیرت کی بات نہیں ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک کے چاروں صوبوں میں مسلسل سفر اور ان کی اچھائیوں اور برائیوں کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ جیسا بدترین حال سندھ میں حکمرانی کا ہے ایسا کسی بھی دوسرے صوبے میں نہیں۔ اگرچہ بلوچستان مشرف اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کے دوران خراب حالت میں تھا، لیکن اب موجودہ صوبائی حکومت نے وہاں بھی انتظامی بہتریاں کی ہیں اور اس کا انتظامی حال سندھ سے کہیں زیادہ بہتر ہوچکا ہے۔ پیپلزپارٹی کا سندھ سے بھلائیوں کا سب سے بنیادی نقطہ صوبے سے میرٹ کی بے دخلی ہے۔ یہ ایک کام ہی صوبے کی انتظامی بربادی کے لیے کافی ہے۔ کیونکہ یہ اکیلا کام باقی ساری خرابیوں کی جڑ بنتا ہے۔ صرف گزشتہ کچھ ماہ قبل کے اخبارات اٹھا کر دیکھ لیجیے، حکمرانی کے اصولوں کو پائوں تلے روندنے کے ایسے بے شمار کارنامے نظر آئیں گے جیسے سندھ کوئی صوبہ نہیں بلکہ کسی استعماری آقا کی جاگیر ہے، جہاں ہر قسم کی بدعنوانی اور جرائم بغیر کسی رکاوٹ کے کیے جاسکتے ہیں۔ قریبی مہینوں کے اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے کچھ عنوانات پڑھ کر آپ خود اندازہ لگاسکیں گے:
-1



وزیراعلیٰ کے لیے سوا چھ کروڑ اور وزیر خوراک کے لیے 57 لاکھ روپوں کی گاڑیاں خریدی گئیں۔ (روزنامہ کاوش، 14 مارچ 2014ئ)
-2



ادارۂ صحت کے کمالات… 65 چھوٹے ملازمین کے دو سے آٹھ گریڈ بڑھائے گئے۔ 10 ملازم افسر بن گئے۔
-3



1994ء سے ریگولر کردہ ملازموں کو ایڈہاک بھرتی کے پہلے دن سینیارٹی دینے کا بل منظور۔ (روزنامہ کاوش، یکم مارچ 2014ئ)
-4



سندھ میں کام کرنے والے 400 پولیس افسران پر مختلف مقدمات داخل ہیں۔ (روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون، 9 فروری 2013ئ)
-5



بلدیاتی اداروں میں بغیر کمیشن 16 ویں اور 17 ویں گریڈ کے 400 افسران کی تقرریاں مکمل۔ (روزنامہ کاوش، 15 نومبر 2013 ئ)
-6



ایاز سومرو نے کارخانہ لگانے کے لیے ڈھائی کروڑ کی زمین بہن کے نام پر خریدی۔ قائم علی شاہ نے الاٹمنٹ کا حکم دیا اور زمین کے لیے ساڑھے 62 لاکھ کا چالان جمع کرایا گیا۔ (روزنامہ کاوش، 13 اپریل 2013ئ)
-7



سندھ میں مزید 42 ریٹائرڈ افسران کا تقرر، حاضر سروس کیڈر افسران کے آمدنی والے عہدے عطا کیے گئے۔ (24 فروری 2013ئ)
-8



اقلیتی وزارت کی جانب سے کمیشن کو بائی پاس کرکے 17 ویں اور 18 ویں گریڈکی 29 پوسٹوں پر آرڈر جاری کرنے کا انکشاف۔ (روزنامہ کاوش، 4 فروری 2013ئ)
-9



سوئی سدرن گیس کا چیف انجینئر محکمہ آب پاشی کے لائننگ پراجیکٹ کا پی ڈی مقرر۔ (روزنامہ کاوش، 20 فروری 2013ئ)
-10



حمیرا علوانی کے خاوند اور موہن لال کے کزن ڈپٹی کمشنروں کے عہدوں پر ضم۔ سب رجسٹرار اسسٹنٹ کمشنر ہوگیا۔ (روزنامہ کاوش، 27 مارچ 2013ئ)
-11



علی حسن زرداری کے بیٹے اور آغا مسعود عباس سمیت مزید نان کیڈر ملازم اعلیٰ انتظامی عہدوں پر ضم۔ (روزنامہ کاوش، 19مارچ 2013ئ)


مذکورہ بالا مثالیں تو انتظامی اور سیاسی بدعنوانی کے وسیع اور اتھاہ سمندر میں چند قطروں کی طرح تھیں، جو یہاں بطور حوالہ دی گئی ہیں۔ اختیار کھوکھر کے مضامین میں دی گئی تفصیلات سر چکرا دیتی ہیں۔ میرٹ کی پامالی کی ایسی بدترین مثالیں ملک کے کسی دوسرے صوبے کے لیے تصور میں بھی نہیں لائی جاسکتیں۔ سندھ گویا مالِ غنیمت ہے جس کو فاتح حکمران دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور پھر یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ سندھ کی حکمرانی ماضی کے ادوار سے کہیں بہتر ہے۔


آئوٹ آف ٹرن پروموشن، نان کیڈر افسران کو اہم عہدوں پر ضم کرنا، جونیئر افسران کو سینئر عہدوں کا چارج دینا… اسی طرح سفارشی اور نااہل افسران کی بھرتیوں کے نتیجے میں سندھ کے سروس اسٹرکچر کا جنازہ نکل چکا ہے۔


جس ڈونر ادارے کو پتا چلے گا کہ تعلیم اور بلدیاتی اداروں میں سو دو سو نہیں بلکہ ہزاروں جعلی تقرریاں ہوئی ہیں، اسے کس بائولے کتے نے کاٹا ہے کہ وہ سندھ میں اربوں روپے کی امداد لے کر آئے گا! اب تو عالمی اداروں کے سیاسی مفاد ہیں جن کی وجہ سے وہ کتنی ہی باتوں سے چشم پوشی کرکے کچھ نہ کچھ پیسے دے دیتے ہیں، لیکن جب حالات نارمل ہوئے اور رقم دینے کی بنیاد انتظامی اہلیت اور سیاسی شفافیت بنی تو پھر ان افعال و کردار سے کوئی بھی ڈونر ادارہ سندھ کی جانب رخ نہیں کرے گا۔ اس وقت بھی عالمی ڈونر اداروں کے سینکڑوں ملین ڈالر کے پراجیکٹ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں چل رہے ہیں۔ اس کی بہ نسبت سندھ میں اس کا ایک نہایت معمولی حصہ آتا ہے۔ اگر یہ معمولی حصہ بھی اچھی طرح استعمال کیا جائے تو سندھ کی بدحالی میں بہت کمی آسکتی ہے اور دوسرے ادارے بھی سندھ میں وسائل لانے کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔ اب تو سندھ میں کسی بھی ادارے کا کوئی کام درست نہیں ہورہا ہے۔ تقریباً ہر ادارہ کسی نہ کسی سیاسی رہنما یا اس کے پٹھوئوں کی جاگیر بنا ہوا ہے۔ تقرریوں، تبادلوں اور ٹھیکوں کا غلط کاروبار سندھ کی ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے اور پورے سندھ میں ڈاکوئوں، قاتلوں اور لٹیروں کا راج ہے۔ پولیس حکام عوام کے خادم نہیں بلکہ حکمرانوں کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ ایک طرف افسر شاہی کی بدعنوانیوں کی وجہ سے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں تو دوسری جانب امن و امان کی بدترین صورت حال کی وجہ سے کوئی بھی مقامی یا بیرونی سرمایہ کار سندھ میں اپنی پونجی لگانے کے لیے تیار نہیں ہے۔ کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ کے ضلع سے اتنے لوگ اغوا نہیں ہوئے ہیں جتنے سندھ کے وزیراعلیٰ کے ضلع سے اغواء شدہ ہیں۔ دیہاتوں میں معاشی کاروبار عملی طور پر مفلوج ہورہا ہے۔


اس صورت حال کے نتیجے میں صوبے میں غربت انتہائی حد تک بڑھ رہی ہے جس کو سیاسی زکوٰۃ والے خیراتی کارڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ تباہی کا یہ عمل بتدریج بڑھ رہا ہے، اس کے خوفناک اثرات یکدم ظاہر نہیں ہوں گے، لیکن ایک آدھ دہائی کے بعد سندھ کے تمام ترقیاتی کام بقیہ پورے ملک سے پیچھے چلے جائیں گے۔ سندھ حکومت کا حال یہ ہے کہ اس کے غلط کاموں پر اگر معمولی تنقید بھی کی جائے تو فوراً جمہوریت دشمن ہونے کا طعنہ ملتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے ملکی اسٹیبلشمنٹ ہر طاقتور گروہ پر تنقید کو ملکی سالمیت کے خلاف سازش قرار دیتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کو یہ غلط فہمی ہے کہ سندھی ہمیشہ ان کے محکوم رہیں گے۔ ان کے ہاں کوئی اور سیاسی متبادل جنم نہیں لے گا، اور اگر جنم بھی لے گا تو اسے 2013ء کے الیکشن کی طرح چمک دمک کے ذریعے خاموش کرادیں گے۔ اس سیاسی ماحول کو پارٹی کی جانب سے صوبے کی لوٹ مار کا لائسنس بنایا گیا ہے ۔ پوری کی پوری پارٹی اسمبلی کے اندر ہے۔ نقارے پر گردن ہلانے والے اشخاص سندھ کی سیاسی اور سماجی تباہی کے بنیادی ذمے دار ہیں اور تاریخ میں ان کی خاموشی اس جرم میں برابر شریک کے طور پر جانی جائے گی۔
سندھ جو آمریت کے ادوار میں بھرپور سیاسی ردعمل کے ذریعے جمود کی زنجیروں کو توڑتا رہا ہے، اسے افیونی دور کی چینی قوم کی طرح ایسا نشہ دیا گیا ہے کہ اسے اپنی بربادی کا احساس بھی کم ہی محسوس ہونے لگا ہے۔ رشوت اور شارٹ کٹ کے سیاہ کاروبار سے بھرپور نفع اٹھانے والوں کا ایک بڑا انبوہ ہے جو اس اندھیر نگری کی ہر قسم کی وکالت کرنے کے لیے ہر وقت حاضر ہے۔ اس سارے ظلم کے خلاف اِکا دُکا آواز بلند ہوتی ہے لیکن اپنے پیچھے کوئی منظم سیاسی تحریک نہ ہونے کی وجہ سے دب کر رہ جاتی ہے۔


اس طرح سندھ کے پانچ کروڑ لوگ بے بسی اور بے حسی کے گہرے سمندر میں غوطے کھا کر اپنی موت واقع ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ طاغوتی آقائی بے لگام گھوڑا سندھ کے کونے کونے میں دوڑ رہا ہے اور سیاسی مزاحمت کی علامت سمجھی جانے والی سندھی قوم اس کے آہنی قدموں تلے روندی اور مسلی جارہی ہے۔
اگر آئندہ چند سالوں کے اندر سندھ اس آقائی بھوت سے اپنی جان آزاد نہ کراسکا تو سندھ کا مستقبل جمود کے انتہائی گہرے گڑھے میں گر کر اپنی بقا کی جنگ لڑ کر بے دم ہوکر رہ جائے گا۔
سندھیوں کو ایک ایسی تبدیلی چاہیے جو ڈاکوئوں اور لٹیروں کی باریاں تبدیل کرنے کے بجائے سوسائٹی کی وہ بنیاد تبدیل کرے جس سے سندھ پر قابض اندرونی قوتیں کمزور ہوں۔ سندھ کے سیاسی، معاشرتی، صحافتی اور ادبی محاذ پر جدوجہد کرنے والے گروہوں کو معمول کی کارروائی والے طریقوں کے بجائے جدوجہد کے مختلف طریقے استعمال کرنے پڑیں گے۔ بدقسمتی سے سندھ کے اندر متبادل سیاسی قوت بن سکنے والی قوتیں یا تو خود انہی آقائی رویوں کا شکار ہیں یا پھر اپنی اپنی مصلحتوں میں جکڑی ہوئی ہیں۔ بائیں بازو والے اور قوم پرست گروپ اپنا سیاسی وقار کھو چکے ہیں۔ پریس ریلیز، مذمتی بیان اور قراردادوں والے خارج از میعاد طریقوں سے سندھ کو بدلا نہیں جاسکتا۔ ان گروپوں کو اگر صرف سیاسی دکانیں سجا کر رکھنی ہیں تو پھر تو ان کا کاروبار درست چلتا رہے گا۔ اگر ان میں سندھ کو تبدیل کرنے کے لیے رتی برابر بھی خلوص ہے تو پھر انہیں اپنے رویّے اور طریقے تبدیل کرنے پڑیں گے۔ سندھ کی پارلیمانی سیاست میں اس وقت حزب اختلاف کہلانے والے گروہ بھی عملی طور پر حکمران گروہ والی ذہنیت سے معمور ہیں، اس لیے کسی سیاسی حادثے کے نتیجے میں اگر انہیں اقتدار مل بھی جائے تو ان کے کام بھی شاید پیپلزپارٹی والوں سے کہیں زیادہ خراب نکلیں گے۔
سندھ اس وقت موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ سندھ میں غیروں کی آبادکاری اور مذہبی انتہا پسندی سندھ کے مستقبل کے لیے ڈیتھ وارنٹ بنی ہوئی ہے۔ مال کمانے میں 24 گھنٹے مصروف تنظیموں کو ان خطرات کی شدت کا اندازہ ہی نہیں ہے۔ جب پانی سر سے گزرے گا تو یہ سب مال سمیٹ کر دبئی اور لندن میں جابسیں گے اور سندھ ایسے مگرمچھ کا لقمہ اجل بن جائے گا جس نے سوہنی کے حصے بخرے کر ڈالے تھے۔



نصیر میمن
​

 
Last edited by a moderator:
Advertisement
Imran Khan aur NS, SS aur Punjab phobia mein mubtila os ke hawaarion ko Sindhi awam ki halat e zaar pe kabhi 2 alfaaz kehne ki taufeeq nahin hui...VERY SAD....
 
PTI,Imran Khan aur Punjab,NS,SS Phobia mein mubtilaa os ke hawaarion ko Sindhi awam ki halat e zaar pe kabhi 1 lafz kehne ki taufeeq nahin hui..Very Sad
 
Advertisement
PTI,Imran Khan aur Punjab,NS,SS Phobia mein mubtilaa os ke hawaarion ko Sindhi awam ki halat e zaar pe kabhi 1 lafz kehne ki taufeeq nahin hui..Very Sad

سندھی عوام نے تہیہ کر رکھا ہے کے بھٹو خاندان کے علاوہ وہ کسی کو قبول نہیں کریں گے تو کوئی دوسرا کیا کرے
 
aap ki yeh baat bilkul drust hai magar PTI ki janib se Sindh ke issues per na bolna ziadati wali baat hai...
سندھی عوام نے تہیہ کر رکھا ہے کے بھٹو خاندان کے علاوہ وہ کسی کو قبول نہیں کریں گے تو کوئی دوسرا کیا کرے
 
aap ki yeh baat bilkul drust hai magar PTI ki janib se Sindh ke issues per na bolna ziadati wali baat hai...

ہو سکتا ہے آپ کا مشاہدہ درست ہو کے پی ٹی آئی نے نام لے کر سندھ کا مسائل کا تذکرہ نا کیا ہو. ملک کے بہت سارے مسائل کا ایک مسئلہ کرپشن ہے. اس پر قابو پا لیا جائے تو بہت سے مسئلے حل ہو جائیں گے
 
Unfortunately PTI ne Sindh ko kabhi touch he nahin kiya, kabhi yeh koshish nahin ki ke Sindh ka visit kiya jaaye aur jo political vacuum hai os ko pur karne ki koshish ki jaaye...Shaid IK ka khial ho ke Sindhi awam ne Bhuttos ki pooja karni chorrni nahin is liye in ko in ke hall pe chorr do (Jo ke bohat hudd tak drust bhi hai )
ہو سکتا ہے آپ کا مشاہدہ درست ہو کے پی ٹی آئی نے نام لے کر سندھ کا مسائل کا تذکرہ نا کیا ہو. ملک کے بہت سارے مسائل کا ایک مسئلہ کرپشن ہے. اس پر قابو پا لیا جائے تو بہت سے مسئلے حل ہو جائیں گے
 
Advertisement
I am surprised by this level of introspection in Sindhi discourse. It is a welcome change. In the past it has always been Punjab's fault for everything that was wrong in Sindh.
 
There is political vacuum in Sindh for new political parties but one has to understand the Sindhi mindset. Sindhi's would cast their votes for pigs and dogs but never a party supported by military. Imran Khan's political career in Sindh and Baluchistan is finished for good, because of his recent shenanigans.


Unfortunately PTI ne Sindh ko kabhi touch he nahin kiya, kabhi yeh koshish nahin ki ke Sindh ka visit kiya jaaye aur jo political vacuum hai os ko pur karne ki koshish ki jaaye...Shaid IK ka khial ho ke Sindhi awam ne Bhuttos ki pooja karni chorrni nahin is liye in ko in ke hall pe chorr do (Jo ke bohat hudd tak drust bhi hai )
 
Unfortunately PTI ne Sindh ko kabhi touch he nahin kiya, kabhi yeh koshish nahin ki ke Sindh ka visit kiya jaaye aur jo political vacuum hai os ko pur karne ki koshish ki jaaye...Shaid IK ka khial ho ke Sindhi awam ne Bhuttos ki pooja karni chorrni nahin is liye in ko in ke hall pe chorr do (Jo ke bohat hudd tak drust bhi hai )

پی ٹی آئی آنا بھی چاہے تو ٹھیکیدار کہاں آنے دیں گے. یہ معاملات اتنے سادہ نہیں جتنے نظر آتے ہیں. شہروں کی بات اور ہے لیکن اندرون چاہے سندھ ہو یا پنجاب حالات یکسر مختلف ہیں
 
پنجاب کی ترقی کا صرف انداره اس بات سے لگالیں که جیسے ھی بائی روڈ پنجاب میں داخل ھوں آپ فرق محسوس کرلیں گے
مگر ان بے غرتوں کی آنکھ کا پانی مرچکا ھے