- Joined
- Apr 4, 2011
- Posts
- 17,933
- Reaction score
- 31,143
- Points
- 113
’’مودی ؔنواز نِکلا، محمدؔ نواز بھی؟‘‘
یک پنجابی بولی ہے …؎
’’ لہور وِچّ ڈھول وجّدا
جِیہدی دھمک کراچی جاوے‘‘
ہمارے وزیراعظم میاں نواز شریف نے عید میلاد اُلنبیؐ کے ایک دن بعد 25 دسمبر کو قائدِاعظم اور اپنی سالگرہ کے موقع پر بھارتی وزیراعظم شری نریندر مودی کو رائے ونڈ میں اپنی ذاتی رہائش ’’ جاتی عُمرا‘‘ میں مہمان بنا کر پوری دنیا میں اپنی
"Birthday Diplomacy"
کا ڈھول بجا دِیا ہے ۔
پنجابی میں ’’ ڈھول ، ڈھولن اور ڈھولا‘‘ کو محبوب بھی کہتے ہیں ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی سالگرہ اور اُن کی نواسی ( مریم نواز کی بیٹی ) مہر اُلنساء کی رسمِ حنا کی تقریب کے مختلف نیوز چینلوں پر دکھائے گئے مناظر میں شری نریندر مودی اپنی حرکات سے واقعی کسی کا ’’ ڈھول، ڈھولن یا ڈھولا‘‘ لگ رہے تھے ۔ اپنوں سے بھی بڑھ کر اپنے ۔ شاید اِسی لئے اُن کی تشریف آوری پر(نثر میں ) ڈھولے(خوشی کے گیت) گائے گئے۔
شریف برادران کی رہائش گاہ ’’ جاتی عُمرا‘‘ کا نام مشرقی پنجاب کے ضلع امرتسر کے اُس گائوں ’’ جاتی عُمرا‘‘ کے نام سے ہے جہاں 1947ء سے پہلے شریف برادران کے والد محترم میاں محمد شریف اور اُن کے بھائی رہتے تھے۔ ’’جاتی عُمرا‘‘ کی وجہ تسمیہ کیا ہے ؟مجھے نہیں معلوم ۔ ہندی زبان میں ’’ جاتی ‘‘ ذات کو کہتے ہیں ’’ عُمرا‘‘ ہندی زبان کا لفظ نہیں ہے پھر ’’ جاتی عُمرا‘‘ ہندی زبان کی ترکیب کیسے بن گئی؟۔ کسی ماہر لسانِیات سے پوچھنا پڑے گا ۔ ڈاکٹر مجید نظامی صاحب ازراہِ مزاح ’’ جاتی عُمرا‘‘ کو ’’ جاتی اُمرائ‘‘ کہا کرتے تھے ۔ یہ ترکیب با مقصد ہو جاتی ہے کہ ’’ امیر لوگوں کی ذات ‘‘ بعض سیانے کہتے ہیں کہ دُنیا میں دوہی ذاتیں ہیں ۔
’’امیروںکی ذات ‘‘ اور ’’غریبوںکی ذات ‘‘ اور یہ دونوںذاتیں ایک دوسرے سے فاصلے میں رہتی ہیں کبھی ایک نہ ہونے کے لئے ‘‘عِشق کا معاملہ اور ہے ۔ پنجابی میں کہا جاتا ہے کہ ’’ عِشق نہ پُچھّے ذات!‘‘ صوفی شاعر بابا بُلّھے شاہ نے بھی اپنے مُرشد/ محبوب سے مخاطب ہو کر کہا تھا…
’’ تیرے عِشق نچایا ، کر کے تھیِّا تھیِّا !‘‘
25 مئی 2014ء کو ڈاکٹر مجید نظامی صاحب نے اپنے ’’ ڈیرے‘‘ ( ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور ) میں منعقدہ تقریب میں صدر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہُوئے کہا تھا کہ ’’ ہمیں اپنی صفوں میں موجود اُن بھارتی شردھالُوئوں (عقیدت مندوں) پر کڑی نظر رکھنا ہوگی جو مسئلہ کشمیر کو پسِ پُشت ڈال کر ہمارے ازلی دشمن بھارت سے ’’ دوستی اور تجارت کا راگ ‘‘ الاپ رہے ہیں ‘‘۔
26
مئی 2014ء کو وزیراعظم نواز شریف بھارت کے نو منتخب وزیراعظم شری نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے دِلّی تشریف لے گئے اور انہوں نے ’’ شبِ معراج رسولؐ‘‘ قائداعظم ؒکے پاکستان کے بجائے دِلّی میں گُزاری۔ دِلّی میں مودی جی سے ہمارے وزیراعظم کی 50 منٹ تک "One on One"
ملاقات ہُوئی۔اگلے روز خبر آئی کہ ’’ وزیراعظم مودی نے وزیراعظم نواز شریف کو
"Man of the Peace" (مردِ امن) کا خطاب دِیاہے‘‘ ۔
مودی جی نے میاں نواز شریف کی والدۂ محترمہ کے لئے شال کا تحفہ بھجوایا ۔ ( لیکن وہ کشمیری شال نہیں تھی کہ کہیں ہمارے کشمیری وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر نہ یاد آ جائے )۔ پاکستان واپس آ کر وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم مودی کی ماتا جی کے لئے سفید ساڑھی کا تحفہ بھجوایا (سفید ساڑھی عام طور پر ہندو بیوہ عورتیں پہنتی ہیں)۔
25
دسمبر کو بھی ہمارے اور مہمان وزیراعظم میں تحائف کا تبالہ ہُوا۔ وزیراعظم نے مہمان وزیراعظم کو اپنی والدۂ محترمہ سے بھی ملوایا۔ والدۂ محترمہ نے دونوں سے کہا کہ ’’ مِل کر رہو گے تو خوش رہو گے‘‘ ۔ مودی جی نے بھی سعاوت مندی سے کہا کہ ’’ ماتا جی! ہم اکٹھّے ہی ہیں‘‘ ۔ جنوبی ایشیا کی ساری مائیں ایک سی ہوتی ہیں ۔ وہ اپنے بیٹوں اور اُن کے ملاقاتیوں کی باتوں کا یقین کرلیتی ہیں۔ ان مکالموں کی خبر جب مودی جی کی ماتا جی کو ملی ہوگی تو وہ کتنی خوش ہوئی ہونگی؟ مَیں نے ایک بھارتی نیوز چینل پر ہندوئوں کے اوتار ’’ بھگوان رام‘‘ کی سلسلہ وار کہانی ’’رامائن‘‘ میں بھگوان رام کے اپنی 14 سال کی جلا وطنی کے بعد قدیم ریاست ’’ ایودھیا‘‘ میں واپس آنے اور اپنے سوتیلے بھائی بھرت ؔکے ساتھ بھرپور ’’ جپھّی‘‘ ڈالنے کا منظر دیکھا ۔ اِس منظر کو ’’ بھرت ملاپ ‘‘ کہا جاتا ہے ۔25 دسمبر کو مختلف نیوز چینلوں پر بھی پردھان منتری نریندر مودی کو وزیراعظم نواز شریف سے اِسی طرح کی جپھّی ڈالتے ہوئے دکھایا گیا جسے مودی جی کی ’’جادو کی جپھّی‘‘ کا نام دِیا گیا ہے ۔
مَیں حیران ہوں کہ اِس جپھّی کو ’’ میاں نواز شریف کی جادو کی جپھّی‘‘ کیوں نہیں کہا گیا؟ اب امریکی صدر اوباما کی طرف سے ’’جادوکی جپھّی‘‘ ڈالنے کے نمبرز تو مودی جی کو ملیں گے اور بھارتی پنجاب کے سِکھّ یاتریوں کی ملاقات جب بھی چیئرمین متروکہ اوقاف بورڈمولوی صدیق اُلفاروق سے ہوگی تو وہ کہیں گے کہ ’’ اوئے یارا!‘‘ تہاڈا پردھان منتری تے ساڈے مودی جی دی اِک جپھّی دی مار سی ، ہُن کیہڑا کشمیر ، کیہڑا سیاچِن تے کیہڑا پانی دا مسلأ ؟‘‘۔ مجھے تو دُختر پاکستان‘‘ ملالہ یوسف زئی پر ترس آ رہا ہے ۔ اکتوبر 2014ء میں ملالہ یوسف زئی نے کہا تھا کہ ’’ مجھے اور بھارت کے کِیلاش ستیارتھی جی کو نوبیل امن انعام بھارت اور پاکستان میں محبت پیدا کرنے کے لئے دِیا گیا ہے ۔ اب میری خواہش ہے کہ مجھے اور ستیارتھی جی کو انعام دئیے جانے کی تقریب میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور جناب نریندر مودی بھی شرکت کریں ‘‘ اگر مودی جی اُس تقریب میں ہمارے وزیراعظم سے جپھّی ڈالتے تو ملالہ یوسف زئی کتنا خوش ہوتی؟ لیکن یہ ’’رُتبہ بلند‘‘ تو مریم نواز / اُس کی بیٹی مہر اُلنساء کو مِلنا تھا کسی سیلز مَین قسم کے شاعر نے کہا …؎
تھا انتظار جِس کا ، وہ شاہکار آگیا‘‘
شری نریندر مودی تشریف لائے تو وزیراعظم نواز شریف نے چہرے پر خوبصورت مسکراہٹ بکھیرتے ہُوئے اُن سے کہا کہ ’’ آخرِ کار آپ آ ہی گئے!‘‘ ۔ شری مودی نے بھی جوابی مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ ’’ جی ہاں! بالکل آگیا‘‘۔ ہمارے وزیراعظم کے جملوں کا مطلب مُشیر خارجہ جناب سرتاج عزیز سے پوچھا جاسکتا تھا لیکن وہ تو دور حاضر کے ’’بھرت مِلاپ‘‘ کی تقریب میں مدعو ہی نہیں کئے گئے تھے اور میری طرح مکمل بے خبر ؟ بھارت کے شردھالُوئوں اور راگ تجارت الاپنے والوں پر کڑی نظر رکھنے والوں کی تلقین کرنے والے ڈاکٹر مجید نظامی بھی خالق حقیقی سے جا مِلے ۔ جِس شاعر نے کہا تھا کہ …؎
’’ سب کچھ خُدا سے مانگ لِیا تجھ کو مانگ کر!‘‘
اُس کے ذہن میں شری نریندر مودی کا ’’ جسدِ خاکی‘‘ ہر گز نہیں ہوگا ۔ ہمارے وزیراعظم نے خوبصورت ناموںوالے اپنے دونوں بیٹوں حسنؔ اور حسینؔ کو مودی جی سے مِلوا یا اور ڈاکٹر مجید نظامی صاحب کے ’’شہباز پاکستان ‘‘ کو بھی ۔ وہ تینوں مودی جی کے آشیرباد کے بھی مستحق ٹھہرے ۔ ’’ شاعرِ سیاست ‘‘ کہتے ہیں…؎
’’ دُکھ بانٹے کچھ غریبوں کے ، پڑھ لی نماز بھی!
مہر اُلنساء کی ، رسمِ حِنا کا جواز بھی!
شردھا سے پیش کردِیا ، حسن ؔاور حسین ؔکو!
مصروفِ کاراُن کا چچا ، شاہباز ؔبھی!
مَیں برتھ ڈے پہ قائداعظمؒ کی کیا کہوں؟
مودی ؔنواز نکلا، محمد نواز ؔبھی‘‘
http://www.nawaiwaqt.com.pk/columns...6336921060240_1257454190948513#f31c17ec31e49a
Last edited by a moderator:





