Advertisement

2 ہزار ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام، ڈی جی سول ایوی ایشن کا مؤقف

4%DA%86%D8%A7%D8%A7%D8%A7%DA%86%D9%84%D8%B1%D8%B1%D8%B1%D8%AA%D9%BE.jpg

ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ اور ٹیم کی مبینہ کرپشن سامنے آگئی۔ سی اے اے امپلائز ایسوسی ایشن نے وزیر ہوابازی اور سیکرٹری ایوی ایشن کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ خاقان مرتضیٰ اور انکی ٹیم نے مبینہ طور پر پاکستان کو 2 ہزار ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خط کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ خاقان مرتضیٰ ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کی اہلیت نہیں رکھتے، انہیں ایوی ایشن انڈسٹری کا کوئی خاطر خواہ تجربہ نہیں جبکہ انکی سربراہی سے ادارے کو نقصان کا خدشہ ہے۔

Loading X post…
Open original post on X

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے جعلی لائسنسگ معاملے پر قومی ائیرلائن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، لاہور والٹن ائیرپورٹ 450 ارب روپے کی زمین میں 400 ارب کا نقصان پہنچایا گیا جبکہ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کابینہ اور وزیراعظم کی واضح ہدایت کو نظر انداز کیا گیا۔

اس کے علاوہ ائیرپورٹ زمین کی قبضے کو واگزار نہیں کروایا جاسکا، جس کی عدم بازیابی پر1300 ارب سے زائد نقصان پہنچا۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) سے تقریبا 300 ارب سے زائد کے بقایاجات کی وصولی میں ناکامی ہوئی جبکہ کراچی ائیرپورٹ قومی ائیرلائن کو 10 ارب کی لیز کی رقم میں نقصان ہوا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے کی عدم تعاون کی وجہ سے 100 سے زائد افسران و ملازمین نے عدالت سے رجوع کیا جبکہ ڈی جی سی اے اے نے خلاف 2 لینڈ کروزر سمیت ایک پراڈو کی غیر قانونی رجسٹریشن کروائی۔

انکے دور میں سی اے اے مختلف عہدوں پر قریبی دوستوں اور عزیز واقارب کی کنٹریکٹ پر تعیناتیاں کی گئیں، آؤٹ سورسنگ معاملہ پر ائیرپورٹ پر دیگر اداروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جبکہ پینشنرز کے معاملہ پر عدم دلچسپی کا رویہ اختیار رکھا گیا۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ ڈی جی سی اے اے کے خلاف کیس ایف آئی اے کو بھیجا جائے، تاکہ اس معاملے پر اور ان پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات ہوسکیں۔

دوسری جانب سیکرٹری ایوی ایشن کو لکھے گئے خط پر ڈی جی سول ایوی ایشن کا بھی موقف سامنے آگیا ہے انکا کہنا ہے کہ افسران کے الزامات بےبنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ میرٹ بیس پالیسوں کی وجہ سے ان کے خلاف مہم چلائی گئی، الزامات لگانے والے افسران کرپٹ پریکٹسس میں ملوث ہیں۔ کرپٹ افسران کیخلاف مقدمات ایف آئی اے میں زیر التواء ہیں، جن کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی ایک انچ زمین کسی کو دی نہ دینے کا اختیار ہے، ادارے میں کرپٹ افسران کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔