Advertisement

یومِ پاکستان: پی سی بی نے پاک آسٹریلیاٹیسٹ کا تیسرا روز 23 مارچ کےنام کردیا

23march1111.jpg


پاکستان کرکٹ بورڈ نے یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ میچ کا تیسرا روز 23 مارچ کے نام کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے پاکستانی کرکٹ شائقین کے ساتھ مل کر یوم پاکستان منانے کااعلان کیا ہےاور اسی لیے بینو قادر ٹرافی کےتیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کو 23مارچ سے منسوب کیا گیا ہے۔

اس حوالےسے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ کی مناسبت سے تیسرے دن کے کھیل کے آغاز میں قومی ترانہ چلایا جائے گا اور دونوں ملکوں کی ٹیمیں قومی ترانے کے احترام میں گراؤنڈ کے اندر موجود ہوں گی۔

پی سی بی کے مطابق یہی نہیں اس روز میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بذات خود ڈھائی ہزار قومی پرچم تقسیم کریں گے، تمام کمنٹیٹرز چاہے وہ پاکستانی ہوں یا غیر ملکی یوم پاکستان کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کے کپڑے زیب تن کریں گے۔

واضح رہے کہ بینو قادر ٹرافی کے تحت پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تیسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلا جارہا ہے،آج دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے ہیں ،آسٹریلیا نے پہلی اننگز کھیلتےہوئے391 رنز بنائے تھے، پاکستان کو ابھی 301 رنز کا خسارہ پورا کرنا ہے اور اس کے پاس 9 کھلاڑی باقی ہیں۔