Advertisement

گرفتاری سے بچنے کیلئے چور نے نابیناموذن کو موبائل فون واپس بھجوادیا

nabeenaahsa.jpg

کراچی سے نابینا موذن سے موبائل فون اڑانے والے چور نے گرفتاری سے بچنے کیلئے بائیک رائیڈر کے ہاتھ موبائل فون واپس بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی مسجد کے موذن سے دھوکے کے ذریعے موبائل فون ہتھیانے والے چور نے واقعہ پر میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا کوریج کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے موبائل فون واپس بھیج دیا۔

ملزم نے موبائل فون واپس بھیجنے کیلئے گلشن اقبال سے رات گئے ایک بائیک رائیڈ بک کروائی، حسن لیاقت نامی رائیڈر کے مطابق پک اپ پوائنٹ پر پہنچنے پر ایک شخص نے موبائل فون دے کر اسے ڈراپ آف لوکیشن پر جامعہ مسجد دارالہدی میں قاری امجد کو ڈیلیور کرنے کا کہا۔

بائیک رائیڈر جب لوکیشن پر پہنچ کر موذن سے ملا تو اسے سارے واقعے کا علم ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں نوسر باز نے ایک مسجد کے نابینا موذن کو بھی نہیں بخشا، یوٹیوب پر ویڈیو بنا کر وائرل کرنے کا جھانسا دے کر موبائل اور اکاؤنٹ سے 35 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔
Loading X post…
Open original post on X

افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک نمبر 1 کی مسجد میں پیش آیا ، متاثرہ شخص حافظ امجد کا کہنا ہے کہ ایک شخص میرے پاس آیا اور اپنا نام حسن بتایا اور کہا کہ آپ نعت بہت اچھی پڑھتے ہیں، اگر آپ اجازت دیں تو میں آپ کی نعت کی ویڈیو بنا کر اسے یوٹیوب پر شیئر کردیتا ہوں، یہ بہت جلدی وائرل ہوجائے گی۔

حافظ امجد کے مطابق ملزم نے میرے موبائل سے ہی ویڈیو ریکارڈ کرنے کی پیشکش کی جس پر میں نے اسے اپنا موبائل دے کر نعت پڑھنا شروع کردی، مجھے نعت پڑھتے ہوئے اندازہ ہی نہیں ہوا کہ ملزم کب میرا موبائل فون لے کر فرار ہوگیا، جب میں نے نعت ختم کرکے اس شخص کو پکارا تو وہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے نا صرف میرا موبائل فون چرایا بلکہ میرے موبائل اکاؤنٹ سے 35ہزار روپے بھی اڑا لے گیا، متاثرہ شخص نے واقعہ کے حوالے سے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کروادی ہے۔