پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری ہڑتال کو دو ہفتوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، جس کے باعث خطے کے متعدد علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔
مختلف علاقوں سے خوراک، ادویات اور پیٹرول کی قلت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جبکہ بعض شہریوں کا دعویٰ ہے کہ ریاستی حدود میں داخل ہونے والی اشیائے خور و نوش اور ایندھن لے جانے والی گاڑیوں کو بھی روکا جا رہا ہے۔ تاہم حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ خوراک کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔
پونچھ سیکٹر کے علاقے عباس پور سے تعلق رکھنے والے ایک شہری، جنہوں نے اپنا فرضی نام نوید بتایا، کا کہنا ہے کہ وہ راولپنڈی سے اپنے اہل خانہ کے لیے آٹا، چاول، چینی، دالیں اور ادویات لے کر جا رہے تھے لیکن آزاد پتن کے قریب پولیس نے انہیں روک لیا۔
ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گاڑی کی تلاشی کے بعد سامان اتار دیا اور انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ نوید کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ ختم ہونے کے قریب ہے جبکہ پیٹرول کی شدید قلت کے باعث لوگوں کو روزمرہ نقل و حرکت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
Loading X post…
Open original post on Xانہوں نے دعویٰ کیا کہ مقامی سطح پر پیٹرول 500 روپے فی لیٹر تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ بعض مقامات پر ایک شخص کو ایک لیٹر سے زیادہ ایندھن فراہم نہیں کیا جا رہا۔
راولاکوٹ کے رہائشی سردار سلمان نے بتایا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ سولہ روز سے بیشتر دکانیں اور میڈیکل سٹور بند ہیں، جس کے باعث ادویات کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ ان کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کے آغاز پر گھروں میں ذخیرہ کیا گیا سامان بھی اب ختم ہونے لگا ہے۔
باغ کے رہائشی ذوالفقار عباسی کا کہنا ہے کہ اگرچہ بیشتر دکانیں بند ہیں، تاہم بعض دکاندار محدود پیمانے پر شٹر اٹھا کر گاہکوں کو سامان فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پونچھ ڈویژن کے کمشنر سردار وحید خان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے دکانیں اپنی مرضی سے بند کر رکھی ہیں اور انتظامیہ کسی کو زبردستی کاروبار کھولنے کا حکم نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں مجموعی طور پر صورتحال قابو میں ہے اور صرف ان علاقوں میں آمد و رفت محدود کی گئی ہے جہاں عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکن دھرنا دیے ہوئے ہیں۔
کمشنر پونچھ کے مطابق پیٹرول کی ترسیل ایک منصوبہ بندی کے تحت عارضی طور پر روکی گئی ہے اور اس حوالے سے جلد اجلاس طلب کیا جائے گا۔
خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں رکاوٹوں کے الزامات پر آزاد کشمیر پولیس کے سربراہ کیپٹن (ر) ملک لیاقت نے کہا کہ راولاکوٹ اور آزاد پتن میں پولیس نے کسی بھی ایسی گاڑی کو نہیں روکا جس میں کھانے پینے کا سامان موجود ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ٹرک عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کی جانب سے قائم رکاوٹوں کو عبور کرکے آگے آ جاتے ہیں، پولیس ان کی منزل تک رسائی میں معاونت کرتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم تنظیم کے کارکن خود سڑکیں بند کرنے اور نقل و حرکت روکنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ادھر مری کے علاقے پھگواڑی اور آزاد پتن کے قریب درجنوں ٹرک کئی روز سے کھڑے ہیں۔ ٹرک ڈرائیوروں کے مطابق ان گاڑیوں میں دالیں، گندم، چاول، سبزیاں اور پھل لدا ہوا ہے جو آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں پہنچایا جانا تھا۔
وادی نیلم کے لیے سامان لے جانے والے ایک ٹرک ڈرائیور سردار عاشق نے بتایا کہ وہ گزشتہ چار روز سے سڑک کنارے کھڑے ہیں جبکہ کئی گاڑیوں میں موجود سبزیاں اور پھل خراب ہونے لگے ہیں۔
دریں اثنا، مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر منیر قریشی نے کہا کہ ان کے ضلع میں خوراک اور سبزیوں کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے اور منڈیاں کھلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے دیگر علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کی اطلاعات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
ادھر آزاد کشمیر پولیس کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ انہیں بعض شکایات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق آزاد پتن اور پھگواڑی کے قریب ٹرک ڈرائیوروں سے گزرنے کے لیے مبینہ طور پر رقم طلب کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھا دیا گیا ہے اور تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
Last edited:
Advertisement





