قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی کی اب بھی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اور اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کی جانب سے اس پر پابندی بدستور نافذ ہے۔
نفیسہ شاہ کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ "جب تک حکومت کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرتی، کرپٹو پر کوئی ریگولیٹری فریم ورک تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ کرپٹو کو قانونی ٹینڈر تسلیم نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کے لیے کوئی باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔"
اجلاس میں کمیٹی ارکان نے کرپٹو کرنسی پر حکومتی ابہام اور عوام میں بڑھتی سرمایہ کاری پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
رکن کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے کہا: "آپ کہہ رہے ہیں کرپٹو پر پابندی ہے، لیکن لوگ کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے واضح بیان جاری نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگر کل کرپٹو مسترد کر دی گئی تو لوگ اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔"
رکن کمیٹی محمد مبین نے سوال اٹھایا کہ "جب کرپٹو کو قانونی حیثیت حاصل نہیں تو پھر اس کے لیے بجلی کیوں مختص کی جا رہی ہے؟ کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، اس سے متضاد پیغام جا رہا ہے۔"
رکن کمیٹی شہرام ترکئی نے خبردار کیا: "کرپٹو کے ذریعے چند برسوں میں اربوں ڈالر ملک سے باہر چلے جائیں گے، اور حکومت صرف سر پکڑ کر بیٹھ جائے گی۔"
سیکریٹری خزانہ نے وضاحت کی کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام وزیراعظم کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد صرف ریگولیٹری فریم ورک کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹو سے متعلق کوئی بھی باضابطہ ادارہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر قائم نہیں کیا جا سکتا۔
سیکریٹری خزانہ کے بیان کے بعد، کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں پاکستان کرپٹو کونسل کے چیئرمین اور ارکان کو طلب کیا جائے گا تاکہ وہ تفصیلی بریفنگ دے سکیں اور قوم کو درپیش خدشات پر روشنی ڈال سکیں۔
Advertisement





