- Joined
- Dec 16, 2008
- Posts
- 2,685
- Reaction score
- 3,347
- Points
- 173
چکوال کا ”اُڑن عجوبہ“ عبدالخالق
" اُڑن عجوبہ ، فلائنگ برڈ آف ایشیا ءاور پرندہ کے خطاب حاصل کرنے والی طلسماتی شخصیت کی داستانِ حیات جو عالمی سطح پر پاکستان کا تعارف بنا مگر آج گمنامی کے اندھیروں میں گم ایک دور افتادہ گاﺅں میں زمین اوڑھے سو رہا ہے عبدالخالق کے یومِ وفات پر خصوصی تحریر..۔
علی خان
ہمارے گاﺅں کی کالی اور چکنی مٹی سے گذرتی ایک بل کھاتی سڑک لنڈی پٹی کے علاقے میں داخل ہوتی ہے جہاں تاحد نظر سفید مٹی کے ٹیلے دکھائی دیتے ہیں۔ ان ٹیلوں کے سینے پر جا بجا پھلاہی، کیکر، بیر، شیشم اور کوآں کے درخت سجے ہیں۔ علاقے کے مشہور صدام چوک سے گذریں تو اترائ سے ذرا آگےسامنے والے کینوس پر جند اعوان کا قصبہ موجود ہے۔ درخت ہمارے گاﺅں ڈورے سے چند کلو میٹرکے اس سفر میں نہ صرف مٹی کا رنگ بلکہ دھنی زبان کا لہجہ بھی تبدیل ہو چکا ہے اب اس میں پوٹھوہاری کی آمیزش ہے۔
جند اعوان چکوال کے بہت سے قصبات کی طرح خوبصورت ہے یہ مختلف ٹکڑوں میں آباد ہے۔پرانا گاﺅں مشرق کی سمت ایک وسیع بلند ٹیلے پر آباد ہے۔ مرکزی گلی کچھ دور تک چوڑی ہے مگر فوراً ہی بھول بھلیوں کیطرح تنگ گلیوں میں تقسیم ہو جاتی ہے۔ انہی تنگ گلیوں میں سے ایک گلی ایک ایسی طلسماتی بہت سی شخصیت کے گھر جاتی ہے جس نے اپنے قدموں کی رفتار سے دنیا بھر کو سحر میں مبتلا رکھا۔ ہوا کی مانند سبک رفتار اور چیتے کی طرح پھرتیلے اس انسان کے ساتھ دوڑنا گویا شکست کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔ اپنے گاﺅں کے قدرتی ریتلے میدانوں سے اولمپکس کے اعلیٰ ترین مصنوعی میدانوں تک اس انسان نے کامیابیوں کی ایک طویل داستان رقم کی۔
تین چار دہائیاں قبل اگر آپ انہی تنگ گلیوں سے گذر کر صوبیدار عبدالخالق کے گھر جاتے تو اپنی چھوٹی سی بیٹھک میں ململ کے کرتے اور دھوتی میں ملبوس بان کی چارپائی پر لیٹا دنیا کا یہ عظیم ایتھلیٹ خود اٹھ کر آپ کا استقبال کرتا مگر اب زمین یہ آسمان کھا چکی ہے۔
میانہ قد، کسرتی بدن ، گھنے بال اور خوبصورت نقش و نگار کا یہ سجیلا جوان”فلائنگ برڈ آف ایشیاء“ عبدالخالق ہے۔ اس کی رفتار، پھرتی، طاقت اور عادات و خصائل کے ساتھ اس کی کامیابیوں کے طویل سلسلے پر نظر ڈالیں تو افسانے کا گماں ہوتا ہے۔ شاید انہی خوبیوں کے ساتھ وہ تین ہزار سال پہلے یونان میں پیدا ہوتا تو یونانی اسے دیوتا کا درجہ دیتے۔ یہ محیر العقول کردار اب اسی گاﺅں کی مٹی میں تین دہائیوں سے محو ِ استراحت ہے۔ اُس کی قبر سے ذر ا پرے بلند ٹیلے پر واقع قبرستان ختم ہوتا ہے اور وہاں سے دور تک پھیلا وہ میدان بھی دکھائی دیتا ہے جس پر یہ اڑن عجوبہ بچپن سے لے کر جوانی تک اور گاہے بعد میں بھی مسلسل دوڑتا رہا۔ جن بوڑھوں نے خالق کو کبڈی کے میدانوں میں دوڑتے دیکھا ہے وہ ابھی تک اس کے سحر میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب خالق اپنے حریف سے ایک قدم آگے نکل جاتا تو پھر حریف کی آنکھوں میں بس خالق کے قدموں سے نکلنے والی دھول ہی جاتی تھی۔
یہ میدان مقامی زبان میں ”کلہیاں“ کہلاتا ہے۔ اس موسمی ندی میں بالائی علاقوں سے ریت، بہہ بہہ کر آتی اور اردگرد پھیل جاتی۔ یہ نرم گیلی ریت بھی اب یہاں نہیں آتی شاید جس عبدالخالق کے قدموں میں یہ خود کو بچھاتی تھی اُس کے دنیا سے اٹھ جانے کا رنج اُسے بھی ہے۔ خالق شام کو اردگرد کے علاقوں سے آنے والے جوانوںکے ساتھ مل کر یہاں کبڈی کی مشق کیا کرتا تھا۔
پاکستان میں ایتھلیٹکس کا پہلا میگا سٹار اور دنیا کے سات بہترین ایتھلیٹس میں شامل ہونے والے عبدالخالق29نومبر1933ءکو چکوال کے اسی قصبہ جند اعوان میں پیدا ہوئے اور 10مارچ1988ءکو محض پچپن سال کی عمر میں جہانِ فانی سے گذر گئے۔ابتدائی تعلیم قریبی قصبہ ہاپھی سے حاصل کی پھر مڈل تک ہسولہ سکول میں پڑھ کر علاقائی روایات کے تحت فوج میں بھرتی ہوئے۔والد سجاول خان سکول میں استاد تھے اور علاقے میں ماسٹر کے نام سے معروف تھے۔ماسٹر سجاول خان ہل چلانے کی مشقت کے بعد پیدل سید کسراں ہسولہ، غازیال پڑھانے جاتے ۔ چکوال شہر میں بھی پڑھاتے رہے اور ضلع جہلم میں ریاضی کے ماہر ٹیچرجانے جاتے تھے۔
والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ عبدالخالق والدہ سے بے حد عقیدت رکھتے تھے۔فوج میں بھرتی ہونے سے قبل اور بعد میں بھی کبڈی کا سلسلہ جاری تھا۔ عبدالخالق گھر سے رخصت ہونے سے قبل والدہ کے قدموں کو ہاتھ لگا کر الوداعی دعا لینا ہر گز نہ بھولتے۔ اماں کو”بے جی“ بلاتے۔ بے جی انہیں رخصت کرنے گاﺅں کی بڑی چڑھائی تک آتی تھیں اور اپنی مخصوص دعا” اللہ دے حوالے اور اللہ جگ سلامی کری“ سے رخصت کرتی تھیں۔ خالق کی زندگی کے آخری لمحات میں جب بے جی اپنے شیر دل سپوت کو دیکھنے سی ایم ایچ راولپنڈی گئی تھیں تو خالق نے نزع کے عالم میں بھی بے جی کا اٹھ کر استقبال کرنے کی کوشش کی۔ خالق بے جی سے پہلے دنیا سے رخصت ہو لیےمگر بے جی نے اپنی دُعا” جگ سلامی“ کو اپنی آنکھوں سے پورا ہوتے دیکھا۔ یہ واقعہ سن کر میرا دل خالق اور بے جی کے لیے احترم سے بھر گیا۔ بے جی خالق کے آخری لمحات میں ساتھ تھیں نزع کے عالم میں خالق نے آکسیجن ماسک اتروا کر بے جی سے بات چیت کی۔ بے جی کی پُکار”او خالقہ“ کے جواب میں” جی بے جی“ اس عظیم انسان کے آخری الفاظ ثابت ہوئے۔ معلوم نہیں اُس شیر دل خاتون نے کس طرح یہ صدمہ جھیلا ہوگا کہ خالق جیسے سپوت کہاں ہر کسی کے نصیب میں ہوا کرتے ہیں۔
قریباً اسی سالہ ولایت بیگم عبدالخالق کی بیوہ ہیں۔ 8مارچ کی ابر آلود دوپہر میں اب میرا اُن سے آمنا سامنا ہوا تو علاقے کی روایت کے مطابق انہوں نے میرے کندھے تھپتھپائے۔ اپنے پندرہ سالہ صحافتی کیرئیر میں اتنے ذوق سے میں نے شاید ہی کسی کا انٹرویو کیا ہو جتنا کہ اماں جی۔ ناک کے دونوں نتھنوں میں سونے کے کیل سجائے ، آف وائیٹ مرینے کی گرم چادر اوڑھے اور اسی رنگ کے کپڑوں میں ملبوس اماں جی سے میرا روحانی رشتہ فوراً قائم ہو گیا۔ میرے پہلے سوال پر ہی اُن کے جھریوں بھرے چہرے پر سجی آنکھوں میں عبدالخالق کی رفاقت کے پل تیر آئے۔
”ان کی زندگی میں پہلے پہل مجھے علم نہ تھا کہ خالق بڑا بندہ ہے۔مجھے وہ اپنی فتوحات کے قصے سناتا رہتا تھا مگر مجھے نام اور مقام یاد نہیں رہے۔ سکھوں سے مقابلوں کی بھی کئی باتیں مجھے یکسر بھول چکی ہیں“۔ اماں جی نے ماضی کے دریچوں سے جھانکنے کی کوشش کرتے ہوئے کہنا شروع کیا۔
”وہ ہمیشہ سے ساتھ تھا اور رہے گا۔ کھلاڑی کا زیادہ مجھے علم نہیں مگر انسان وہ گویا سونے کا بنا تھا۔ میرا میکہ مٹالی(گوجر خان) میں تھا اور وہ میرے ساتھ جایا کرتا تھا۔ وہ جو کچھ کما کر لاتا بے جی کے ہاتھ پر رکھ دیتے۔ گھر میں اُس شخص نے لڑائی جھگڑا تو درکنار کبھی گالم گلوچ تک نہ کی۔ اُسے گالی اورپھر خواتین کو دیناآتا ہی نہ تھا۔ آخری دنوں میں جب اُس نے کمر درد کی شکایت کرنا شروع کی تو میں نے اُس کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ اس حالت میںبھی اُس نے میرا خیال رکھا۔ ایک دن مجھے کہا کہ جب تک زندگی ہے اچھی نیت سے ناک کی سیدھ میں چلنا کبھی پریشان نہ ہو گی۔
" مجھے فخر ہے کہ زندگی میں عبدالخالق جیسے انسان کا ساتھ ملا۔ اُن کی موت کے وقت میں بھی بے جی کے ساتھ اُن کے سرہانے موجود تھی۔ انسان لوٹ کر نہیںآتے مگراگر ایسا ہوتا تو میری سب سے بڑی خواہش یہی ہوتی۔ بیت اللہ میں جا کر بھی اس کے لیے دعائیں کیں۔ ہمارے پاس اللہ کا دیا سب کچھ ہے بس عبدالخالق کے نام پر چکوال شہر کے سٹیڈیم کا نام رکھ دیا جائے۔ یہ اُسکی خدمات کا صلہ ہوگا"۔ ولایت بیگم نے جذبات سے رندھی آواز میں بات ختم کی۔
”ابا جی سے ہماری یاری تھی۔ اُن کی طبیعت میں بلا کا حوصلہ اور صبر تھا۔ مزاج پر ماہر کھلاڑی کی طرح قابو رکھتے۔ طاقت کے باوجود انتقام کے قائل نہ تھے اور ہمیں بھی اسکی تاکید کرتے۔ ایک دن سگریٹ نوشی کرتے مجھے دیکھ لیا محض اتنا کہا کہ ” سگریٹ نوشی بری چیز ہے یہ کہاں سے منہ کو لگا لی؟“ میں نے اُن کے اخلاق سے متاثر ہو کر اُسی لمحے سگریٹ نوشی چھوڑ دی ۔ عظیم ایتھلیٹ کے بڑے بیٹے غلام عباس نے گفتگو کے دوران بتایا۔
اسلحہ کے سخت خلاف تھے اور مرد کے ہاتھوں کو ہی اسلحہ سمجھتے تھے۔” ابا جی کے بس دو ہی شوق تھے کبڈی اور شکار کھیلنا۔ میلے ٹھیلوں پر کبڈی کھیلنے کے لیے سارا سال گاﺅں کے اس ریتلے گراﺅنڈ پر مشق جاری رکھتے۔فضل الٰہی اور لال حسین اُن کے کبڈی کے ساتھی تھے۔ علاقے میں کبڈی کا کلچر عروج پر تھا چنانچہ اردگرد کے دیہات ساﺅ، چوہان، ڈھوڈہ وغیرہ کے نوجوان یہاں مل کر کبڈی کی مشق کیا کرتے تھے۔ یہ نوجوان اور ابا جی تراٹی، شاہ کمال دی بن دولتالہ، ڈھوک شمس،جر موٹ، ڈھڈیال اور پادشہان وغیرہ کے میلوں میں اپنے کھیل کا مظاہرہ کرتے۔ کبڈی میں پیسے نہ ہوتے تھے لیکن اُن کی شہرت ہی کی محنت کا بدل ہوا کرتی تھی۔ کسرتی بدن والے نوجوان کبڈر ایک قسم کے افسانوی کردار ہوا کرتے تھے لوگ اُن کا تہہ دل سے احترام کرتے تھے۔ ایسی ناموری پر چال چلن جانے کا بھی خدشہ رہتا مگر شائقین کبڈی کے دل میں وہی جوان گھر کرتاجو باکردار بھی ہوا کرتااور ابا جی بھی ان میں سے ایک تھے۔کبڈی میں معروف لوگ خود چارہ کاٹ کر ان کی بھینس کو ڈالا کرتے کہ عبدالخالق دودھ پی کر اچھی کبڈی کھیلنا جاری رکھے۔انہوں نے اپنی شہرت کی سرحدیں پھلانگ جانے کے باوجود دامن پر کوئی داغ نہ لگنے دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اب بھی اُن کا نام احترام سے لیا جاتا ہے۔ ملک غلام عباس نے بات بڑھائی کبڈی کے نامور پلیئر عزیز سدیالی کبڈی کے میدان میں اُن کے جوڑی دار تھے۔ وہ عبدالخالق سے پہلے پاکستان کے نمبر ون ایتھلیٹ تھے۔
”شکار ابا جی کا دوسرا بڑا شوق تھا۔جنگلی خرگوش ان کا پسندیدہ شکار تھا جو تب علاقے میں کثرت سے پایا جاتا تھا۔ شکار کے لیے تازی نسل کے کتے رکھتے تھے اور اُن کی دیکھ بھال محبت سے کرتے۔ آخری کتا انہوں نے جو رکھا تھااُس کا نام”جھلہ“ تھا۔ ابا جی کی وفات ہوئی تو جھلہ قبرستان سے نکالے نہ نکلتا۔ جیسے ہی کھولا جاتا قبرستان پہنچ جاتا۔ ایک بار کسی نے غلطی سے رات کی باسی روٹی ڈالی تو اُسے شکایت کے انداز میں قبر کے پاس دبا آیا۔لاہور سے ابا جی کے دوست شکاری آئے تو جھلا اداس کبھی ایک کبھی دوسرے کے پاس جاتا۔ جھلہ ابا جی کی موت کے چند ہی ماہ بعد مر گیا۔ شکار کے اچانک سر پر پہنچ کر مارنے کے قائل نہ تھے کم از کم دو سو میٹر کا فاصلہ دینے کے بعد کتے کو جانے دیتے۔غلام عباس نے پرجوش لہجے میں بات جاری رکھی۔گاﺅں میں محمد فاضل اور علی قدر اُن کے گہرے دوست تھے اور سب شکار کے لیے اکٹھے باہر جایا کرتے"۔
”ایشیاءکا یہ نامور پلیئر سادہ زندگی گذارتا تھا۔ دل کے بے حدسخی واقع ہوئے تھے۔ ہم ابا جی سے رقم مانگتے تو یہ پوچھنے کی زحمت تک گوارہ نہ کرتے کہ پیسے کیوں لینے ہیں۔ جتنے مانگتے اُس سے زیادہ دیتے۔ گھر میں ململ کا کرتہ اور چادر باندھتے ، فوج میںوردی کے علاوہ قمیض شلوار اور ٹراﺅزر، جب کہ اہم مواقع پر پینٹ کوٹ بھی پہنتے مگر علاقے میں کبھی کرتہ شلوار کے علاوہ کچھ نہ پہنا۔کوہاٹی چپل پسند تھی ۔ لوگ ملنے آتے تو اسی لباس میں اعتماد سے ملتے۔ گھڑی پہننا پسند تھا۔ خوراک میں ٹھنڈی کھیر شوق سے کھاتے۔ دیسی گھی، لسی اور دودھ کھانے کا حصہ تھا کبھی کبھار دودھ جلیبی بھی کھا لیتے۔ اپنے سے چھوٹے کو ”پتری“کہ کر بلاتے تھے۔ابا جی کو پیدل سفر پسند تھا۔ فوج میں بھرتی ہوئے تو جہلم یا چکوال سے پیر پھلاہی اترتے اور پانچ سات میل عام پیدل چلتے۔ایک موٹر سائیکل بھی رکھا ہوا تھا۔ جو گلیوں میں چلانے سے جھجھکتے تھے۔ لاہور سے البتہ موٹر سائیکل پر بھی آ جایا کرتے تھے۔ غلام عباس نے مسکراتے ہوئے بتایا۔
”کبڈی اور شکار کے د وران بیش قیمت مشورے دیا کرتے۔ شاگردوں سے مشفقانہ سلوک رکھتے۔ جب ایتھلیٹکس کے قومی کوچ تھے تو کھلاڑیوں کے ساتھ اولاد کا سا سلوک رکھتے اُن کے مزاج کو سمجھ کر اور طبیعت کے مطابق تربیت کرتے۔ اُن کی نفسیاتی پوزیشن بھی ذہن میں ہوتی۔ انہوں نے کئی قومی اور اولپمئین کھلاڑیوں کی تربیت کی۔ ابتدائی دور میں جب پاکستان کا قومی ترانہ نہ تھا تو ایک مقابلہ جیتنے پر انہوں نے ساتھیوں کے ہمراہ”لڈی“ ڈال کر ایوارڈ وصول کیا“۔غلام عباس کے یادوں کے دریچوں سے جھانکتے ہوئے بتایا۔
جند اعوان کے اس خاندان میں کبڈی کا کھیل عروج پر رہا ۔ عبدالخالق کے خاندان میں اُن کے تمام بیٹے ملک غلام عباس، اشفاق حسین، ملک محمد اعجازاور عبدالرزاق بھی کبڈی کھیلتے رہے۔ اُن کے قریبی عزیز صوبیدار میجر(ر) محمد اشتیاق اور ماسٹر الطاف حسین بھی اس کا شوق رکھتے تھے۔ ملک اعجاز پاکستان میں بلائنڈ آرچری کے بانی ہیں ۔اس خاندان کی بیٹھک میں ٹرافیاں ، میڈلز اور شیلڈز سجی ہوتی ہیں۔ اب یہ یادگاریں تو باقی ہیں مگر کبڈی کھیلنے والے یہ میدان چھوڑ چکے ۔ نئی نسل نے تعلیم کو توجہ دی اور بیشتر جوان ماسٹر لیول تک تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ جند اعوان میں جب ان کی بیٹھک میں داخل ہوا تو شیلف پر سجی شیلڈز اور ٹرافیاں دیکھ کر حیران رہ گیا۔ یہ قومی اور علاقائی سطح پر حاصل کیے گئے اعزاز تھے۔ ان میں ابھی عظیم ایتھلیٹ عبدالخالق کے حاصل کیے گئے اعزازات شامل نہ تھے۔
ایک دوسری بیٹھک میں بھی یہی صورتحال تھی۔ میرے وہاں پہنچنے پر عبدالخالق کے خاندان ملنسار نوجوان اور بڑے جمع ہو گئے ۔ یادوں کی پٹاری جو کھولی تو وقت گذرنے کا احساس تک نہ ہوااور گفتگو گھنٹوں جاری رہی۔ میں ٹی وی چینل کی ڈیمانڈ اور عظیم ایتھلیٹ کے کیرئیر میں حاصل کیے گئے اعزازات سے ہٹ کر گفتگو کرنا چاہتا تھا چنانچہ بیشتر معلومات عبدالخالق کی ذاتی زندگی بارے لیں۔ اُن کے کیرئیر اور کامیابیوں پر بھی جلد تفصیلی تحریر لکھوں گا۔ بیٹھک میں پہنچا تو عبدالخالق کے بھائی ماسٹر الطاف حسین بھی آ گئے اور صوبیدار میجر(ر)محمد اشتیاق بھی دونوں عظیم ایتھلیٹ کی زندگی سے بخوبی آگاہ تھے چنانچہ پرت ہٹنے شروع ہو گئے۔
”وہ جب بھی چھٹی آتے تو نوجوان کھلاڑیوں کو کبڈی کے اسرار و رموز سے آگاہ کرتے“۔ ماسٹر الطاف حسین نے بات شروع کی۔”نوجوان کبڈر اور جاپھی اُن کا سحر انگیز طریقہ غور سے سنتے اور عمل کرتے۔ جپھہ، قینچی، لچی،بانہہ پکڑنا،ٹانگ پکڑنا، پھیٹ مارنا اور ڈھاک مارنا وغیرہ کی اصطلاحات اور طریقہ ہم نے انہی سے سیکھا تھا۔ وہ کبڈی کھیلنے کے لیے جسم کو تیار کرنے اور خوراک پر بھی تفصیل سے بتاتے تھے۔ ایک دن رات بارہ بجے کے بعد میں ایم ایس سی کے امتحانات کی تیاریاں کر رہا تھا کہ بھائی خالق بھی کمرے میں آ گئے۔ میں پڑھائی چھوڑ کر ان کی طرف متوجہ ہو گیا اور سوال کیا کہ کون سے ملک گئے ہیں آپ؟ اُن کا جوا ب اب بھی یاد ہے کہ بھائی یہ سوال کرو کون کون سے ملک نہیں گیا؟ پھر انہوں نے بتایا کہ روس اور چائنہ کے علاوہ بیشتر اہم ملکوں میں جا چکے ہیں۔ اس بات کے کچھ عرصہ بعد وہ بطور نیشنل کوچ چائنہ بھی گئے۔ وہ مثالی کردار، مثبت سوچ اور ملنسار طبیعت کے مالک تھے۔ انہوں نے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ اپنے ملک کا نام روشن کیا ہم سب کو اُن پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ماسٹر الطاف حسین نے بات ختم کی۔
”آخری دنوں میں انھیں کمر کی تکلیف تھی۔ بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی تھی۔ حتیٰ کہ سی ایم ایچ میں جنرل ضیاءالحق کے معالج نے بھی ان کا خصوصی معائنہ کیا مگر ہونا وہی تھا جو اُس مالک نے لکھ چھوڑا تھا۔ عبدالخالق کے قریبی عزیز باریش صوبیدارمیجر(ر) محمد اشتیاق نے آسمان کی طرف انگلی کرتے ہوئے بات بڑھائی۔ وہ بیمار ہوئے تو ہم انہیں سی ایم ایچ راولپنڈی لے گئے مگر کئی دن علاج کے بعد بھی صحت یاب نہ ہوئے۔ انہیں بیرون ملک لے جانے کی تیاری تھی مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اُن کی وفات کی خبر ریڈیو پر چلی ۔ اُس روز بارش بہت زیادہ تھی ہم علاقے میں زیادہ اطلاع نہ کر سکے مگر بارش کے باوجود بے شمار لوگ اُن کی آخری رسومات میں شامل ہونے آئے۔ کھلاڑیوں اور کوچز کی بڑی تعداد بھی جنازہ میں شامل تھی۔ نماز جنازہ جند اعوان کے مولانا حفیظ مرحوم نے پڑھائی اور یہ ستارہ ہمیشہ کے لیے ڈوب گیا"۔ صوبیدار(ر) اشتیاق نے اداس لہجے میں بات ختم کی۔
نوٹ: عظیم ایتھلیٹ کے یوم وفات پر ان کی نجی زندگی اور عادات و خصائل پر بات کی گئی ہے ان کے کارناموں کی تفاصیل جلد شائع کی جائیں گی۔ یہاں اُن کی عظمت کا بیان بس اتنا ہی کافی معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ایتھلیٹکس کے قومی مقابلوں میں قریباًسو گولڈ میڈل اور61بین الاقوامی مقابلوں میں29گولڈ میڈل اورباقی مقابلوں میں سلوراور کانسی کے میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔





