Advertisement

پی پی کی چیف جسٹس، آرمی چیف و اعلیٰ افسران کی مراعات میں کمی کی تجویز

21nayyerbukahrkatoti.jpg

پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس ہائی کورٹ، آرمی چیف، دفاعی اداروں کے سربراہان ، گورنر ، وزرائے اعلی سمیت اعلی عہدیداران کےپروٹوکول اور مراعات میں کمی کی تجویز دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ تجویز پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کی جانب سے ایک بیان میں سامنے آئی ، جس میں نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ ملک کی ایک بڑی آبادی کو ریلیف دینے کیلئے اشرافیہ اضافی بوجھ برداشت کرتے ہوئے قربانی کی اعلی مثال قائم کرے، حکومتی، عدالتی و ریاستی ذمہ داران کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کرکے خزانے پر بوجھ کم کیا جاسکتا ہے، کٹوتی سے جو رقم حاصل ہو اس سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی مد میں استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزرائے اعلی، گورنرز، وفاقی وصوبائی وزراء کے بجلی و پیٹرول کے بجٹ کو 50 فیصد کم کردیا جائے، صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر اعلی حکومتی عہدیداران غیر ضروری پروٹوکول بھی ختم کردی، چیف جسٹس آف پاکستان، ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز، ججز، آرمی چیف اور دیگر دفاعی اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول میں زیر استعمال گاڑیوں کی تعداد کم کردی جائے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری جماعت عوامی مشکلات میں کمی کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف پر یقین رکھتی ہے 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنےوالے غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نا کیا جائے۔