پی ٹی آئی دور اقتدار، صفر شرح سود پر 3 ارب ڈالرز کے قرضے دینے کا انکشاف، بہت سے تاجروں کو 5 سے 15 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے جن سے بھاری مشینری درآمد کی گئی تھی : چیئرمین قائمہ کمیٹی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت ہوا جس میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دوراقتدار میں 600 برآمد کنندگان کو 3 ارب ڈالرز کے قرضے صفر شرح سود پر دیئے گئے۔ قائمہ کمیٹی اجلاس میں معاملہ سامنے آنے پر چیئرمین قیصر احمد شیخ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایات کر دیں۔ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو دیئے گئے قرضے رعایتی شرح سود پر دیئے گئے تھے۔
رکن قائمہ کمیٹی برجیس طاہر نے ڈپٹی گورنر سے کہا کہ کون کون سے لوگ اس ملک کو لوٹنے میں شامل ہیں؟ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ بہت سے تاجروں کو 5 سے 15 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے جن سے بھاری مشینری درآمد کی گئی تھی جس کا استعمال بھی نہیں کیا گیا۔
قائمہ کمیٹی کی طرف سے ہدایت کی گئی کہ قرض حاصل کرنے والے تاجروں کے نام اور قرضوں کی تفصیل فراہم کی جائے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی قیصر احمد شیخ نے سوال اٹھایا کہ 2 سال پہلے پاکستان تحریک انصاف کے دور میں تاجروں کو یہ قرضے ذاتی مفاد کی بنیاد پر کیوں جاری کر دیئے گئے؟
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک عنایت حسین نے قائمہ کمیٹی کو اپنی بریفنگ میں بتایا کہ کرونا وبا کے دوران کمرشل بینکوں کی طرف سے قرضے جاری کیے گئے تھے۔ برآمد کنندگان کے پروفائل دیکھ کر کمرشل بینکوں نے قرضے جاری کیے، اجلاس میں ان کیمرہ اجلاس کی تفصیلات دینے کو تیار ہیں، برآمد کنندگان کو دیئے گئے قرضوں پر شرح سود صفر نہیں تھی بلکہ رعایتی شرح سود پر دیئے تھے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سعودی عرب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کو 2 بلین ڈالرز فنڈنگ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ یو اے ای کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصلاحات کا جو پروگرام طے ہوا تھا اس پر پاکستان نے اپنے حصے کا تمام کام کر لیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik-loandsha.jpg
Advertisement





