پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے کچھ میچز امریکہ یا متحدہ عرب امارات میں کروائے جانے کے معاملے پر فرنچائز مالکان نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کے درمیان ادائیگیوں کے معاملے پر تنازعے کے بعد پی ایس ایل کے لاہور میں شیڈولڈ میچز کی منتقلی کے معاملے پر ایک نیا موڑ آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی لاہور میں ایونٹ کے دو شیڈولڈ میچز منعقد کروانے کے فیصلے پر قائم ہے جبکہ دوسری جانب فرنچائز مالکان پی سی بی کی جانب سے سیکیورٹی کی مد میں پنجاب حکومت کو ادائیگی نا کرنے کے موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، پی سی بی نے موقف اپنایا ہے کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
فرنچائز مالکان نے اس صورتحال میں شیڈولڈ میچز کو دوسرے وینیو پر منتقل کرنے اور اس کیلئے متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے آپشنز پر غور کرنے کی بھی تجویز دیدی ہے ، پی سی بی پیٹرن ان چیف وزیراعظم سے انٹرنیشنل برانڈ کو اس تنازعے سے نکالنے کی درخواست بھی کی جارہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے اس حوالےسے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے تمام تر معاملات سے آگاہ کیا تھا جس پر وزیراعظم نے معاملے کے حل کیلئے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔
Advertisement





