پنجاب کے علاقے صادق آباد سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی ممتاز علی چانگ کے گھر چوری کی بجلی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ انکشاف ملتان الیکٹر ک پاور سپلائی کمپنی(میپکو) کی جانب سے پولیس فورس کے ہمرا ہ صادق آباد میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران ہوا۔
میپکو کی ٹیم نے ممتاز علی چانگ کے گھر میں بجلی چوری پکڑی، سابق رکن قومی اسمبلی نے اپنے15 ایکڑ کے رقبے پر پھیلے فارم ہاؤس میں بجلی کی سپلائی کیلئے واپڈا کی مین لائنز میں ڈائریکٹ تاریں لگارکھی تھیں۔
میپکو ٹیم کےمطابق فارم ہاؤس میں 12 سے زائد ایئر کنڈیشنرز نصب تھے اور دیگر برقی آلات بھی چوری کی بجلی سے چلائے جاتے تھے اور قومی خزانےکو بھاری نقصان پہنچایا جاتا تھا۔
میپکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم نے پولیس فورس کی موجودگی میں تمام غیر قانونی کنکشنز منقطع کرکے بجلی کی تاریں اپنے قبضے میں لے لی ہیں اور ممتاز علی چانگ کےخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب سابق رکن قومی اسمبلی ممتاز علی چانگ نے میپکو کی کارروائی کو مسترد کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ میپکو کےخلاف آواز اٹھانےپر یہ کارروائی کی گئی، میپکو کی کرپشن بہت زیادہ ہیں، میرے پاس پانچ عدد بڑے بڑے جنریٹرز ہیں، جن میں لاکھوں کا پیٹرول استعمال ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نےچوری کرنی ہوتی تو اس سے بہت بڑی چوری کرتے، رورل ایریاز میں بجلی زیادہ نہیں ہوتی، ہم اپنے گھر میں رہتے بھی نہیں ہیں پھر بھی گزشتہ ماہ 97 ہزار کا بل آیا ہے، مخالفین پیسے خرچ کرکے ہمارے خلاف کارروائیاں کروارہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9mummatazchang.jpg
Advertisement





