Advertisement

پیٹرولیم لیوی میں ریکارڈ اضافہ، عوام پر بڑا بوجھ ڈالنے کی تیاری

image.png



اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ وصولیوں کا ہدف مقرر کیے جانے کے بعد عوام کو مہنگائی کے ایک اور شدید جھٹکے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پیٹرولیم لیوی کے تحت 1,311 ارب روپے کی وصولی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے ہدف 1,117 ارب روپے سے 194 ارب روپے زائد ہے۔ اس اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑے گا، کیونکہ اس کا اطلاق پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتوں پر ہوگا۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹیشن مہنگی ہوگی بلکہ اس کے اثرات اشیائے خورونوش سمیت تمام بنیادی ضروریاتِ زندگی پر مرتب ہوں گے، جس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر اٹھنے کا خدشہ ہے۔


دستاویزات کے مطابق جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک حکومت پہلے ہی 833.84 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کر چکی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں یہ رقم 1,019 ارب روپے رہی تھی۔ اس سے پچھلے سال یعنی 2022-23 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں 580 ارب روپے تھیں۔


حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم ملکی تاریخ میں پیٹرولیم لیوی کی اب تک کی سب سے بڑی وصولی ہوگی۔ فی الوقت پیٹرول پر فی لیٹر 78 روپے 2 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 1 پیسہ لیوی وصول کی جا رہی ہے، جو پہلے ہی تاریخی سطح پر ہے۔


ذرائع کے مطابق حکومت نے یہ منصوبہ آئی ایم ایف کے سامنے پیش کیا ہے تاکہ نئے قرض پروگرام کے لیے ریونیو کے اہداف پورے کیے جا سکیں۔ تاہم اس اقدام سے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جو پہلے ہی عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔


عوامی اور معاشی ماہرین حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ریونیو بڑھانے کے لیے ایسے اقدامات کرے جن کا بوجھ براہ راست غریب عوام پر نہ پڑے، اور مہنگائی کے موجودہ بحران میں مزید شدت نہ آئے۔
​