Advertisement

پنجاب کے سرکاری اداروں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب

image.png


پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی ایک آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی کام کرنے والے اداروں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہوگیا ہے، جس سے سیکیورٹی کے شدید خدشات نے جنم لے لیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق یہ سنگین غفلت 2021ء سے 2024ء کے دوران سامنے آئی، جس میں لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز آفس، پولیس آفس لاہور سمیت 12 اضلاع کے پولیس دفاتر سے سرکاری اسلحہ اور بارودی مواد غائب ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔


آڈٹ رپورٹ میں غائب ہونے والے اسلحے کی درجنوں اقسام اور بارود کی قابلِ ذکر مقدار کا حوالہ دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر اس کی مالی مالیت کروڑوں روپے تک بتائی گئی ہے۔ یہ صورتحال محکمہ داخلہ اور پولیس نظام میں بدانتظامی اور ممکنہ کرپشن کے الزامات کو جنم دے رہی ہے۔


ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر فوری نوٹس لیا گیا ہے اور تمام ذیلی اداروں سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق، اسلحہ اور بارود کی گمشدگی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


سیکیورٹی ماہرین اور عوامی حلقے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں کہ اگر سرکاری تحویل سے اسلحہ یوں غائب ہو سکتا ہے تو یہ مستقبل میں قانون و امن کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
​