- Joined
- Feb 10, 2020
- Posts
- 6,444
- Reaction score
- 5,189
- Points
- 178
پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی تحصیلوں میں نئے تخلیق کیے گئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز (اے اے سی) کے عہدوں پر 35 افسران تعینات کر دیے ہیں، جن میں 22 پی ایم ایس اور 13 پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) افسران شامل ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ اقدام ضلعی انتظامیہ پر بڑھتے ہوئے انتظامی دباؤ کو کم کرنے اور تحصیل کی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی ساہو نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو جاری خط میں بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث انتظامی اداروں کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری، میونسپل، ریونیو اور ترقیاتی امور میں اضافے کے باعث ضلعی انتظامیہ پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔
خط کے مطابق حکومت نے ضلعی انتظامیہ کی تنظیم نو اور عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے تحصیل کی سطح پر 101 نئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز (بی پی ایس-17) کے عہدے تخلیق کیے ہیں۔ ابتدائی طور پر 35 افسران کو ان عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
نئے تعینات اے اے سیز اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ آزاد فیلڈ افسران کے طور پر کام کریں گے اور نچلی سطح پر حکومتی اقدامات کی نگرانی، رابطہ کاری اور عمل درآمد کو یقینی بنانے میں معاونت کریں گے۔ یہ افسران متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے اپنے اپنے ڈپٹی کمشنرز کو رپورٹ کریں گے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو ستھرا پنجاب، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، صاف پانی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پنجاب ریونیو اتھارٹی، فنانس اینڈ پلاننگ، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، صحت و تعلیم کے محکموں سے رابطہ کاری، ریگولیٹری امور اور میونسپل انتظامیہ سمیت تحصیل انتظامیہ کے مختلف شعبوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے مطابق نئے اے اے سیز کی تعیناتی سے نہ صرف گڈ گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی بلکہ افسران کو عملی فیلڈ تجربہ اور تربیت بھی حاصل ہوگی، جس سے انہیں مستقبل میں اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر جیسے اہم فیلڈ عہدوں کے لیے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
افتخار علی ساہو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نئے تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو ضروری انتظامی اور لاجسٹک سہولیات فراہم کی جائیں، جن میں مناسب دفتری جگہ، عملے کی معاونت اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں۔
Loading X post…
Open original post on X





