Advertisement

پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کیلئے ادویات خریداری میں 2 ارب 11 کروڑ کا گھپلا،


دنیا نیوز کے صحافی حسن رضا کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 2 ارب 11 کروڑ روپے مالیت کی ادویات اور سرجیکل آئٹمز کی خریداری میں سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں۔ خریداری پنجاب حکومت کی لوکل پرچیز پالیسی اور پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مینول طریقے سے کی گئی اور بیشتر اہم ریکارڈ دستیاب نہیں۔

رپورٹ کے مطابق بغیر اسیسمنٹ ضرورت سے زائد ادویات خریدی گئیں جو بعد میں ایکسپائر ہوگئیں۔ 9 جنوری 2023 کو جاری کردہ گائیڈ لائنز کو نظرانداز کیا گیا۔

پی کے ایل آئی نے 74 کروڑ 62 لاکھ روپے، نشتر ہسپتال ملتان نے 24 کروڑ 26 لاکھ روپے، نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے 22 کروڑ 65 لاکھ روپے، سروسز ہسپتال لاہور نے 19 کروڑ 53 لاکھ روپے، میو ہسپتال نے 16 کروڑ 96 لاکھ روپے، میاں منشی ہسپتال نے 4 کروڑ 89 لاکھ روپے اور ساہیوال میڈیکل کالج نے 2 کروڑ 7 لاکھ روپے کی بے ضابط خریداری کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنرل ہسپتال نے ڈسچارج شدہ مریضوں کے لیے 95 لاکھ روپے جبکہ سمز لاہور نے آؤٹ ڈور مریضوں کے لیے 1 کروڑ 89 لاکھ روپے کی ادویات خریدیں۔

آڈٹ کے مطابق محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کی مانیٹرنگ میں ناکام رہا اور آن لائن سسٹم کے بجائے مینول خریداری سے کرپشن کا راستہ کھولا گیا۔ رجسٹرڈ وینڈرز کو نظرانداز کرکے من پسند سپلائرز کو نوازا گیا۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کے حکام کا کہنا ہے کہ آڈٹ ٹیم کو جواب جمع کرا دیا گیا ہے اور معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش ہونے پر تفصیل سے جواب دیا جائے گا، تاہم سیکرٹری اسپیشلائزڈ عظمت محمود نے مؤقف دینے سے گریز کیا۔