Advertisement

پاکستان کے پسماندہ ترین 20 اضلاع میں بلوچستان کے 17 اضلاع شامل

Loading X post…
Open original post on X

​

اسلام آباد پاکستان پاپولیشن کونسل کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ملک کے 20 کمزور ترین اضلاع میں سے 17 بلوچستان میں واقع ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سماجی و معاشی طور پر سب سے زیادہ پسماندہ اضلاع میں واشک، خضدار، کوہلو اور ژوب شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نصیر آباد، آواران، خاران، شمالی وزیرستان اور پنجگور بھی ان اضلاع میں شامل ہیں جنہیں بنیادی سہولیات، روزگار اور مواصلات کے اعتبار سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ماشکیل، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، قلات، تھرپارکر، شیرانی اور جھل مگسی بھی انتہائی پسماندہ اضلاع کی فہرست میں شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کا ضلع کوہستان بھی ان کمزور ترین علاقوں میں گنا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ان کمزور اضلاع میں 65 فیصد مکانات کچے یا عارضی ڈھانچوں پر مشتمل ہیں جبکہ جھل مگسی میں یہ شرح 97 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس سے عوام کے رہائشی حالات کی سنگینی واضح ہوتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور فون سروسز کی شدید کمی ہے جس کے باعث نہ صرف ایمرجنسی رسپانس بلکہ ترقیاتی منصوبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

پاکستان پاپولیشن کونسل کے مطابق روزگار کے لحاظ سے 20 میں سے 15 بدترین اضلاع بلوچستان میں ہیں۔ بے روزگاری اور بلا معاوضہ گھریلو مزدوری کی شرح بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ پائی جاتی ہے۔ صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی کے لیے بھی یہ دونوں صوبے سب سے زیادہ مشکلات سے دوچار ہیں اور دور دراز علاقوں میں قریبی صحت مرکز تک فاصلہ اکثر 30 کلومیٹر سے بھی زائد ہے۔ سندھ کا ضلع تھرپارکر آبادی کے اعتبار سے سب سے زیادہ کمزور قرار دیا گیا ہے۔
 
Last edited: