- Joined
- Feb 10, 2020
- Posts
- 6,444
- Reaction score
- 5,189
- Points
- 178
انڈیا کی پولیس نے آسام کے چابوا فضائی اڈے پر تعینات 36 سالہ فضائیہ کے اہلکار سومیت کمار کو پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ تفتیشی اہلکاروں کے مطابق سومیت کمار نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر 2023 سے پاکستان کی خفیہ سروس کے اہلکاروں سے رابطے میں تھے اور پیسے کے بدلے خفیہ معلومات فراہم کرتے تھے۔
راجستھان کی خفیہ پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پرفل کمار نے بتایا کہ سومیت کمار کو راجستھان اور فضائیہ کی خفیہ پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ تاحال پاکستان کی جانب سے ان گرفتاریوں یا جاسوسی کے الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق سومیت کمار اتر پردیش کے رہائشی ہیں اور ڈیبرو گڑھ میں چابوا فضائی اڈے پر ملٹی ٹاسکنگ سٹاف کے طور پر تعینات تھے۔ انھیں چابوا فضائی اڈے سے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے جے پور کے مرکزی تفتیشی مرکز منتقل کیا گیا۔
جنوری میں راجستھان پولیس نے جیسلمیر سے جھبرا رام نامی مشتبہ شخص کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جس کی تفتیش کے دوران سومیت کمار کا نام سامنے آیا۔ پولیس کے مطابق سومیت کمار نے اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھا کر فضائی اڈے کے بارے میں حساس معلومات جمع کر کے پاکستان کے خفیہ ایجنٹوں کو بھیجی اور اس کے بدلے پیسے وصول کیے۔
پی ٹی آئی کے حوالے سے اے ڈی جی پرفل کمار نے بتایا کہ سومیت کمار نے پاکستان کے خفیہ ایجنٹوں کو فضائی اڈے پر نصب ساز و سامان، جنگی جہازوں کی لوکیشن، میزائل سسٹم اور فضائی عملے سے متعلق حساس معلومات فراہم کیں، اور یہ معلومات سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی جاتی تھیں۔
سومیت کمار کے خلاف سرکاری رازداری قانون اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف ایجنسیوں کے اہلکار ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب دلی کے نواحی شہر غازی آباد میں چھ نوعمر بچوں سمیت 18 نوجوانوں کو بھی پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان نوجوانوں پر الزام ہے کہ وہ شہر کے اہم مقامات، ریلوے سٹیشنز اور فوجی چھاؤنیوں وغیرہ کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر غیر ملکی ہینڈلرز کو بھیج رہے تھے۔





