Advertisement

پاکستان اور قانون شکنی-مسعود انور

http://www.masoodanwar.com
[email protected]
مسعود انور

دنیا میں شائد پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جہاں پر کسی بھی ملزم پر اس کا جرم ثابت کرنے کا کوئی رواج ہی نہیں ہے۔ اگر جرم ثابت ہو بھی جائے تو مجرم کو سزا دینے کا بھی کوئی تصور نہیں ہے۔اس کی وجہ شائد یہ ہے کہ یہ مجرم یا تو اتنے بڑے ہیں کہ عدالت اور ریاست دونوں اس سے چھوٹے پڑ جاتے ہیں یا پھر ملک میں قانون اور عدلیہ نام کی کسی بھی حقیقی شے کا وجود ہی نہیں ہے۔ یہاں پرتو اس وقت یہ صورتحال ہے کہ جو قانون بنانے والے ہیں، قانون نافذ کروانے والے ہیں اور قانون پر عملدرامد کروانے والے ہیں، وہی سب سے بڑے قانون کو توڑنے والے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہر ملزم شیر ہے اور آزاد ہے۔ اب اگر پاکستان میں کوئی لوٹ مار کرنے سے محروم ہے تو اس میں ملک کا کوئی قصور نہیں ہے بلکہ اس فرد میں ہی کا قصور ہے کہ اس میں
اس کی صلاحیت نہیں ہے۔

قانون توڑنے کی کئی صورتیں ہیں۔ ایک سب سے بڑی صورت تو بدمعاشی ہی ہے۔ جس کو جو کرنا ہے کرلے۔ یہ صورتحال ہمیں بارہ مئی کے سانحہ میں نظر آتی ہے۔ عدلیہ و وکلاء سمیت دنیا جانتی ہے کہ ایک چیف جسٹس کو کس نے ایرپورٹ پر محصور رکھا اور پورے دن کس طرح پورے کراچی کو خاک و خون میں نہلائے رکھا۔ مگر مجرم آزاد بھی ہیں اور محترم بھی۔ پرویز مشرف، رحمٰن ملک، الطاف حسین وغیرہ وغیرہ سب اطمینان سے گھوم رہے ہیں ۔ ان سب کو کم از کم اس کیس میں کوئی فکر نہیں ہے کیوں کہ کسی میں ہمت ہوگی تو اس کیس میں کوئی ان پر فرد جرم عائد کرے گا۔اتفاق سے سندھ میں اور وفاق میں ان لوگوں کی حکومت ہے جن کا کہنا ہے کہ ان کے کارکنان اس روز مارے گئے تھے۔ مگر اب مدعی اور مجرم سب بھائی بھائی ہیں۔ اسی بدمعاشی کی ایک اور مثال نواز شریف کے پہلے دور حکومت میں سپریم کورٹ پر ڈنڈا بردار حملہ تھا ۔تاہم اب سب کچھ ٹھیک ہوچکا ہے۔

قانون توڑنے کی ایک اور صورت یہ ہے کہ اگر عدلیہ کہیں سے آڑے آ بھی جائے تو اس کے فیصلوں پر عملدرامد تو حکومت کو ہی کرنا ہے۔ عدالتی فیصلوں کے نفاذ کا اختیار حکومت کے پاس ہوتا ہے، عدلیہ کے پاس نہیں۔ اول تو عدلیہ حکومت کے خلاف فیصلہ کرنے میں پہلے سے ہی محتاط رہتی ہے اور حکومت کو تنبیہ پر تنبیہ کرتی رہتی ہے کہ عدلیہ کی بات مان لی جائے ورنہ عدالت حکومت کے خلاف فیصلہ کرنے پر مجبور ہوگی۔ مگر حکومت یا دوسرے الفاظ میں برسراقتدار بااثر افراد اس تنبیہہ کو سن کر محض مسکرا کر پھر سے اپنے کام میں مصروف ہوجاتے ہیں اور عدلیہ پھر سے ایک تنبیہ جاری کردیتی ہے۔ اس کی بہترین مثال ہے سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کا کیس۔ نہ تو برسراقتدار افراد پر کچھ اثر ہورہا ہے اور نہ ہی یہ کیس حل ہو پارہا ہے۔ آمنہ جنجوعہ بھی اتنی ہی لاچار ہیں جتنا ڈاکٹر فوزیہ صدیقی۔

اگر کسی صورت عدلیہ کسی فیصلے کے عملدرامد پر تل ہی جائے تو پھر بھی اس فیصلے کے صریح برخلاف کیا جاسکتا ہے۔کیوں کہ اس فیصلے پر عملدرامد اسی پٹواری کو ہی کروانا ہوتا ہے جس کے خلاف فیصلہ ہوتا ہے۔ یہ صورتحال ہمیں زرداری کے سوئس کیس میں نظر آتی ہے۔ دیکھئے کتنی دیدہ دلیری سے حکومت نے عدالتی فیصلے کے برخلاف سوئس حکومت کو خط لکھ دیا۔ اب سب بیٹھ کر ڈفلی بجائیں کہ صدر آصف زرداری اسی طرح زیر لب مسکرارہے ہیں۔

اگر کہیں سے معاملات کچھ بگڑنے لگیں تو معاملات کو تاخیر کا شکار کرنا بہترین طریقہ کار ہوتا ہے۔ یہ طریقہ کار ہمیں بہترین طریقے سے میمو گیٹ اسکینڈل میں نظر آتا ہے۔ حسین حقانی چین و آرام سے بانسری بجاتے امریکا میں مٹر گشت کررہے ہیں اور پاکستان میں معاملہ ابھی تک سماعت کی تاریخوں تک ہی محدود ہے۔ ابھی تک یہ بھی نہیں ہوسکا کہ حسین حقانی سے کہا جائے کہ آپ عدالت میں طلبی کے موقع پر واپسی کا حلف نامہ جمع کروا کر گئے تھے۔ چونکہ اب آپ تشریف نہیں لارہے ہیں تو کیوں نہ انٹرپول کے ذریعے ان کی ملک واپس کو یقینی بنایا جائے۔ آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل کے مصداق ، اب تو عوام اس کیس کو بھول بھی چکے۔ یاد رہے کہ میمو گیٹ اسکینڈل پاکستان کی تاریخ کا اتنا ہی بڑا اسکیڈل ہے جتنا بڑا سقوط ڈھاکا۔ مگر ہم نے سقوط ڈھاکا کے مجرموں کا کیا بگاڑلیا جو اب میمو گیٹ کو دیکھا جائے۔

قانون شکنی کا ایک آسان ترین طریقہ مجرم کو فرار ہی کروادینا ہے۔ یہ طریقہ کار ہمیں حسین حقانی کے ساتھ ساتھ ریمنڈ ڈیوس میں بھی نظر آتا ہے۔یہ ٹھیک ہے کہ ریمنڈ ڈیوس نے دیت ادا کی تھی مگر ابھی تک عبادالرحمٰن کا کیس باقی ہے جس کو ریمنڈ ڈیوس کی جیپ نے سڑک پر ٹکر مار کر موت کی نیند سلا دیا تھا۔ چونکہ ریمنڈ ڈیوس کو برسراقتدار اور بااثر طبقے نے بروقت فرار کروادیا تھا۔ اس لئے عباد الرحمٰن کے گھر والے اب صرف اللہ کی عدالت میں ہی کیس دائر کرسکتے ہیں۔

اس سے بھی زیادہ آسان طریقہ یہ ہے کہ پارلیمنٹ خالہ جی کا گھر ہے اور تمام ارکان پارلیمنٹ اپنے ذاتی خدمتگار۔ اگر کہیں سے شور شرابہ ہو بھی جائے اور معاملہ بگڑنے لگے تو قانون ہی بدل ڈالو۔ لو جی، اب جو کچھ بھی ہوگا۔ قانون کے مطابق ہوگا۔ اب اگر پارلیمنٹ ڈاکے کو قانون کے مطابق جائز قرار دے دے تو کون سی عدالت اس پر سز ادے سکتی ہے۔یہ صورتحال ہمیں روز نظر آتی ہے۔ شائد یہ اعزاز بھی دنیا بھر میں پاکستانی پارلیمنٹ کو ہی حاصل ہے کہ اس نے عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف قرارداد منظور کی ہیں۔

جان لیجئے کہ ایک مہذب ریاست اور ترقی کرنے کا اصول وہی ہے جو نبی آخری الزماں ﷺ نے فرمایا تھا کہ تم سے پہلے کی قومیں اسی لئے تباہ ہوگئیں کہ بااثر مجرموں کو چھوڑ دیتیں اور غریبوں پر حد جاری کرتیں۔ اگر فاطمہ بنت محمد بھی چوری کرتیں تو ان پر بھی حد جاری کردیتا۔یہ شیطان کی روش ہے کہ بااثر مجرم ہر قانون سے بالا تر ہے چاہے وہ سڑک کا سگنل ہو یا قومی دولت لوٹنے کا جرم۔ چاہے پورے شہر کو یرغمال بنا کر بھتہ وصول کرنا ہو یا اسلحہ کے زور پر شہر بند کروادینا ہو۔ چاہے یہ نجی بجلی گھروں کے مجرم ہوں یا ایل این جی اسکینڈل کے۔ اس تمام عفریت سے بچنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ بلا تخصیص احتساب و سزا۔ اگر شیطان کو شکست دینا ہے تو مجرم کو مجرم کہنا ہوگا ۔ پارٹی ممبر نہیں ۔ جب تک مجرم کو ہم سیاسی، لسانی ، مذہبی یا مسلکی شناخت سے محروم نہیں کریں گے۔ اسی بدامنی، سیاسی او راقتصادی ابتری کا شکار رہیں گے۔

اس دنیا پر ایک عالمگیر شیطانی حکومت کے قیام کی سازشوں سے خود بھی ہشیار رہئے اور اپنے آس پاس والوں کو بھی خبردار رکھئے۔ ہشیار باش۔
​
 
Last edited by a moderator: