پاکستان تحریک انصاف نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک قوم، ایک قانون اور سب برابر ہوں گے، ایک ملک میں دو مختلف قوانین نہیں ہوسکتے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی منشور پیش کیا اور کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ تو دو پلیئنگ فیلڈ ہی نہیں دی جارہی، ہمارے لوگ جہاں بھی ریلی یا جلسہ کرنا چاہتے ہیں انہیں اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار میں آکر ایسی آئینی ترامیم کروائیں گے جس سے عوام براہ راست اپنا وزیراعظم منتخب کرسکیں گے، اسمبلی کی مدت پانچ سال سے کم کرکے چار سال تک محدود کریں گے، جبکہ سینیٹ کی مدت کو 6 سے کم کرکے 5سال کردیں گے، ایساقانون لائیں گے جس کے تحت 50 فیصد سینیٹرز کو عوام سے براہ راست منتخب کروایا جائے گا، خراب ماضی سے چھٹکارا، شاندار مستقبل اور شاندار پاکستان ہمارا نیا منشور ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو ایک اور ٹروتھ ری کنسیلیشین کمیشن قائم کرے گی، ہم رول آف لاء پر زور دیتے ہیں، ایک ملک میں دو قانون نہیں ہوسکتے، مختلف فوجداری قوانین میں عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی خاطر تبدیلیاں لائی جائیں گی، نئے تفتیش کے نظام کے تحت آئینی ترامیم لائی جائیں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایات دی ہیں کہ آج سب ریلی نکالیں، اس دوران جہاں جہاں بھی ریلیوں کو روکا گیا اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی، ہماری پارٹی اور ہمارے امیدواروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2khahksjshdhdk.png
Advertisement





