ایسے سرکاری ہسپتال تیار کریں گے کہ ان کا معیار دیکھنے کے لیے باہر سے آئیں گے: سربراہ آئی پی پی
سٹیبلشمنٹ کا لاڈلا آئی پی پی یا ن لیگ نہیں صرف پاکستان ہے۔ ذرائع کے مطابق سربراہ استحکام پاکستان پارٹی کے کامونکی میں پارٹی کے جلسے سے پہلے ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے گفتگو کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ن لیگ سٹیبلشمنٹ کی لاڈلی ہے یا آپ کی سیاسی جماعت؟ جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ سٹیبلشمنٹ کا لاڈلا آئی پی پی یا ن لیگ نہیں صرف پاکستان ہے۔ ہمیں آپ جلسے میں آئی عوام سے خطاب کر لینے دیں باقی باتیں بھی خود ہی آپ کے سامنے آ جائیں گی۔
جہانگیر ترین کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز مل کر ملک کو سنبھالیں گے تو ہی پاکستان کی قسمت بدلے گی، پاکستان کو دنیا بھر کے لیے مثالی زرعی ملک بنانے کا عزم ہے۔ عوام نے ہم پر اعتماد کر کے اقتدار ہمارے حوالے کیا تو ایسے سرکاری ہسپتال تیار کریں گے کہ ان کا معیار دیکھنے کے لیے باہر سے آئیں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم نے اپنے ماضی سے بہت کچھ سیکھا لیکن اب آگے بڑھنے کا وقت آ چکا ہے، ملک کے تمام بچوں کو یکساں معیار تعلیم دینا ہمارا عزم ہے اور اب ہم بہترین پاکستان بنائیں گے۔ پارٹی صدر عبدالعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے لیے 10 سال تک دن رات محنت کرتے رہے لیکن جب وہ صاحب وزیراعظم کے عہدے پر بیٹھے تو پنجاب میں بزدار لے آئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بزدار تھا تو خیبرپختونخوا میں گورا بزدار (محمود خان) وزیراعلیٰ لگا دیا گیا۔ دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کرپٹ ترین اور انتہائی نالائق تھے۔ عثمان بزدار نے پنجاب میں بنی گالہ کی حمایت سے کرپشن کا جمعہ بازار لگا دیا اور بیڈگورننس کی مثالیں قائم کر دیں جس سے عوام کے دل ٹوٹ گئے۔
لاہور میں تحریک انصاف کے دوراقتدار میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت انتہائی ابتر تھی، ایک ایک بیڈ پر 4،4 بچے مائیں اپنی گودوں میں لے کر بیٹھی ہوتی تھی۔ لٹیرے اور چور حکمران ملک کو لوٹ کر کھا گئے، سندھ میں یہ حال ہے کہ کتے اور انسان کے بچے ایک ہی ندی سے پانی پیتے ہیں اور جنہیں ہم ایماندار سمجھتے تھے ان کے کرتوت بھی عوام نے دیکھ لیے ہیں۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ فوج کی طرف سے پی ٹی آئی کو مکمل حمایت حاصل رہی اور یہ آج ان پر ہی تنقید کر رہے ہیں، ان کے خلاف باتیں بنا رہے ہیں جبکہ ہماری فوجی جوان سرحدوں پر اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ ہمارا ملک آج مضبوط ہے تو اس کی وجہ سے فوج ہے کیونکہ فوج ہے تو ہی پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے اعتماد کر کے ہمیں اقتدار میں آنے کاموقع دیا تو بجلی کی قیمت کو امیروں کے لیے دگنا کر کے ملک کے غریب عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے۔ کسانوں کو ٹیوب کیلئے مفت بجلی، موٹرسائکل سوار شہریوں کے لیے پٹرول کی قیمت آدھی اور ملک کے نوجوانوں کو بلاسود کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/jkt-pakistan-one-pak.jpg
Advertisement





