Advertisement

ن لیگ اور مولانافضل الرحمان کا اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ

6shehbzmolananthafads.png

نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، یہ سچ روزروشن کی طرح عیاں ہو چکا: مولانا فضل الرحمن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آج سابق وزیراعظم وصدر پاکستان مسلم لیگ ن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن کی طرف سے تاحیات قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔


سابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے ملاقات میں فیصلہ کیا کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لیے متحد ہو کر چلنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں آزادانہ، شفاف اور منصفانہ عام انتخابات اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ آئندہ بھی مشاورت واشتراک کے عمل سے آگے بڑھا جائے۔

Loading X post…
Open original post on X

مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2016ء میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے روکنے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ 16 مہینوں میں اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں نے سیاست کے بجائے صرف ریاست بچانے کے بارے میں سوچا۔ پاکستان کو اشتراک عمل، مشاورت اور ہمارا اتحاد ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے باہر نکال سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے ملک میں جمہوری وسیاسی نظام مزید مضبوط ہو گا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف کی پاکستان واپسی ملک کے لیے انتہائی اچھی خبر ہے کیونکہ یہ سچ اب روز روشن کی طرح عیاں ہو چکا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے خاندان کے افراد کو بھی ناحق سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کے خاندان کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ ملک کی تاریخ کا افسوسناک اور سیاہ ترین باب ہے اور رہے گا۔ خیبرپختونخوا میں نوازشریف نے تحریک انصاف کا مینڈیٹ تسلیم کیا لیکن اس کے بعد انہیں ہی سیاسی نظام سے باہر نکال دیا گیا۔ سیاسی رہنمائوں کو ناحق چور ڈاکو پکارا جانا سیاسی انجینئرنگ کا کھیل تھا۔
 
Advertisement