Advertisement

نوکریاں ختم اور رقوم منجمد یو اے ای سے بدر کیے شیعہ شہری پریشان


6GMW5C7UVZKLNNEZDDGDAVCBIA.jpg



رائٹرز کے مطابق پاکستان کے ضلع چکوال کے دیہی علاقوں کے ایک کلسٹر میں 100 سے زائد شیعہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات سے واپس پہنچے ہیں، جن کے پاس نہ ملازمتیں ہیں، نہ سامان اور نہ ہی وہ اپنی جمع پونجی حاصل کر سکے جو انہوں نے برسوں بیرون ملک محنت سے بنائی تھی۔


رپورٹ کے مطابق یہ افراد ان ممکنہ ہزاروں پاکستانی شیعہ شہریوں میں شامل ہیں جنہیں رواں عرصے کے دوران متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپس بھیجا گیا ہے۔ بعض متاثرین اور شیعہ رہنماؤں کے مطابق یہ عمل ایران جنگ کے بعد تیز ہوا، جس نے خلیجی خطے میں کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔


Loading X post…
Open original post on X

رائٹرز نے 103 پاکستانی شہریوں سے متعلق امیگریشن دستاویزات، ویزا اسٹیٹس اسکرین شاٹس اور فلائٹ ریکارڈز کا جائزہ لیا، جنہوں نے خود کو ملک بدر ہونے والے شیعہ شہری قرار دیا۔ ان میں سے 24 افراد سے انٹرویو بھی کیا گیا۔ تمام متاثرین نے بتایا کہ انہیں اپنا سامان اور جمع شدہ رقم واپس لینے کا موقع نہیں دیا گیا اور دیگر افراد کے ساتھ فلائٹس میں واپس بھیج دیا گیا۔


پاکستانی شیعہ سیاسی تنظیم مجلس وحدت مسلمین کے مطابق ایک ڈیٹا بیس میں تقریباً 7,500 پاکستانی شیعہ شہریوں کی واپسی کا ریکارڈ موجود ہے، جو مبینہ طور پر فروری کے بعد خلیجی ملک سے واپس بھیجے گئے۔ تنظیم کے ترجمان محسن عابدی کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔


شیعہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں ملک بدری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کی جانب سے جوابی کارروائیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم رائٹرز کے مطابق اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے کس بنیاد پر ان افراد کو منتخب کیا۔


متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر رائٹرز کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا۔ جبکہ پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی شہری کو فرقہ کی بنیاد پر ملک بدر نہیں کیا گیا، اور یہ اقدامات مبینہ طور پر اماراتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کیے گئے۔


رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک بدری کی مجموعی شرح اس سال مستحکم ہے تاہم تفصیلی اعداد و شمار فراہم نہیں کیے گئے۔ ایک اعلیٰ پاکستانی حکومتی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ حکومت اس صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، کیونکہ ہزاروں واپس آنے والوں میں اکثریت شیعہ شہریوں کی ہے۔


بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ مائیکل پیج نے ان رپورٹس کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔


پاکستان میں تقریباً 1.8 ملین شہری متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور سالانہ 6 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر پاکستان بھیجتے ہیں۔ پاکستان میں شیعہ آبادی کا اندازہ تقریباً 4 کروڑ یا ملک کی مجموعی آبادی کا 17 فیصد بتایا جاتا ہے۔


متاثرین کے مطابق کئی افراد برسوں کی محنت کے بعد روزگار، کاروبار اور اثاثے کھو کر اچانک واپس پہنچے ہیں۔ چکوال کے ایک سابق میٹرو ملازم نے بتایا کہ اسے نو دن حراست میں رکھنے کے بعد دیگر افراد کے ساتھ واپس بھیج دیا گیا، اور وہ خود کو مکمل طور پر دوبارہ صفر پر محسوس کرتا ہے۔


رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شیعہ شہریوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق الزامات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں، تاہم حالیہ رپورٹس میں ان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 
Govt of Pakistan together with provincial govts MUST come up with a plan to restore the lives of all these affected Pakistani citizens... regardless of their religious backgrounds.