Advertisement

نومئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کو مجموعی طور پر 27 سال کی سزا

1748746952860.png

انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی کو تھانہ رمنا پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 42 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے تھانہ رمنا کے ایس ایچ او کو ہدایت دی ہے کہ عبدالطیف سمیت 7 مجرمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے جیل حکام کے حوالے کیا جائے۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اور کارکنان کے پرتشدد احتجاج کو دہشتگردی قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے 11 ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 27 سال 3 ماہ قید کی سزائیں سنائیں، تاہم تمام سزائیں اکٹھی چلنے کی وجہ سے مجموعی سزا 10 سال قرار پائی۔

عدالت کی جانب سے سزا پانے والے ملزمان میں زریاب خان (نوشہرہ)، محمد اکرم اور میرا خان (پارہ چنار)، عبدالطیف (اپر دیر چترال)، سمیول رابرٹ (مردان)، وزیر زادہ (کیلاش ویلی)، عبدالباسط (ہری پور)، شان علی (سرگودھا)، شازیب (باغ)، محمد یوسف (افغانستان سے تعلق، اسلام آباد میں مقیم)، سہیل خان (مانسہرہ) شامل ہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق، تمام ملزمان پاکستان تحریک انصاف کے کارکن تھے، جنہوں نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پرتشدد احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، پولیس پر فائرنگ کی، موٹر سائیکلیں جلائیں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ: "یہ ملزمان حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر کے اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، مگر سیاسی سرگرمی کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔"

عدالت نے مزید کہا کہ اسلام آباد جیسے محفوظ ترین شہر میں پولیس اسٹیشن پر ہتھیاروں سے حملہ دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے، جیسا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں بھی واضح کیا گیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں مکمل طور پر کامیاب رہی، اور چونکہ تمام ملزمان نے اکٹھے جرم کیا، اس لیے سب کو اجتماعی طور پر اس کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔
 
Last edited by a moderator: