Advertisement

میانوالی: پاک فضائیہ کے پائلٹ نے بلیک میل کرنے پر خاتون کیخلاف مقدمہ درج

28094851fe80de4.jpg


پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے پائلٹ نے میانوالی صدر پولیس کے پاس ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، جس میں اس نے الزام لگایا ہے کہ شادی سے انکار کرنے پر خاتون اسے بلیک میل کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پائلٹ جو ایم ایم عالم پی اے ایف میانوالی ایئربیس پر تعینات ہے، نے خاتون ’الف‘ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 232/25 درج کروائی ہے، (جس کی نقل ڈان کے پاس موجود ہے)۔

مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 419، 420، 500، 506، 211 اور ٹیلی گراف ایکٹ 1985 کی دفعہ 25-ڈی شامل ہیں، خاتون کا تعلق چاه حمیدوالا، گدائی شمالی، تحصیل ڈیرہ غازی خان سے ہے۔

مدعی نے بیان دیا کہ جب وہ میانوالی بیس پر تعینات تھا تو اس کا سوشل میڈیا پر ایک خاتون سے رابطہ ہوا، جس نے خود کو ملتان کی مس رافعہ کے طور پر متعارف کروایا۔


اس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بات چیت کے دوران خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک تکلیف دہ زندگی گزار رہی ہے، اور اس نے اس سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

پائلٹ کے مطابق خاتون نے اسے ملتان بلایا جہاں ان کی 24 اپریل 2025 کو ملاقات ہوئی، تاہم، اس ملاقات میں یہ انکشاف ہوا کہ اس خاتون کا اصل نام ’الف‘ ہے اور وہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ چلا رہی تھی۔

مدعی کے مطابق خاتون کے رویے نے اسے مشکوک کر دیا، اور اس نے اس سے رابطہ منقطع کر دیا، انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے انکار کے بعد ’الف‘ نے اسے بار بار فون کالز کیں اور دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے شادی سے انکار کیا تو وہ اسے سنگین نتائج بھگتنے پر مجبور کرے گی۔

پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے اسے ایک ’جھوٹے‘ ریپ کیس میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی۔

اس نے مزید کہا کہ اسے پتہ چلا ہے کہ ’الف‘ عادی بلیک میلر ہے اور اس نے پہلے بھی 2021 میں ویمن پولیس اسٹیشن ملتان میں دفعہ 376 کے تحت ایک جھوٹا زیادتی کا مقدمہ نمبر 30/21 درج کروا رکھا ہے۔

اس نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ خاتون کے خلاف کارروائی کرے اور اسے بلیک میلنگ سے بچایا جائے۔


Source​
 
Last edited by a moderator: