موبائل سمز کی بندش کا اثر، لاکھوں شہریوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کروا دیے

image.png



اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے کی جانے والی کارروائیوں نے اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ موبائل سمز بند ہونے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کروا دیے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے اہم اعداد و شمار پیش کیے گئے۔


رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2024-25 میں اب تک 4 لاکھ 48 ہزار 683 نئے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے ہیں۔ ان میں سے 2 لاکھ 76 ہزار 564 افراد نے اپنی موبائل سمز بند ہونے کے بعد فائلنگ کی ہے۔


وزارت خزانہ نے انکشاف کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو 4 لاکھ 58 ہزار 342 افراد کا ڈیٹا فراہم کیا، جن کی سمز بند کرنے کا عمل جاری ہے۔


حکام کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 24 لاکھ 3 ہزار 831 نئے ٹیکس دہندگان کو رجسٹر کیا ہے، جن سے اب تک ایک ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کیا جا چکا ہے۔


یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت کا سخت فیصلہ، خاص طور پر موبائل سمز کی بندش، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔
 

Back
Top