Advertisement

ملک غلط سمت میں جا رہا ہے،کاروباری برادری مایوسی کا شکارہوچکی،گیلپ سروے

11gallupbussinessurvry.jpg

ملک کی سمت کے بارے میں 90 فیصد کاروباری برادری کا خیال تھا کہ ہم غلط سمت میں جا رہے ہیں: گیلپ سروے

گیلپ پاکستان نے ملک میں تاجروں کے کاروباری اعتمادکے حوالے سے سروے کیا ہے جس میں متعدد کاروباری ادارے ملکی سمت پر مطمئن نہیں تھے، جاری ملکی معاشی بحران میں کاروباری اعتماد میں کمی آئی ہے۔ گیلپ پاکستان کی سروے رپورٹ میں 5 سو سے زائد کاروباری اداروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

کاروباری اداروں کے مالکان اپنے کاروبار کے مستقبل بارے مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک کی سیاسی واقتصادی صورتحال ہے۔

گیلپ سروے کے مطابق ملک کی سمت کے بارے میں 90 فیصد کاروباری برادری کا خیال تھا کہ ہم غلط سمت میں جا رہے ہیں جبکہ 66 فیصد کا کہنا تھا کہ کاروباری حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔ ملک کے 61 فیصد تاجروں کی طرف سے مستقبل میں بھی بہتری کے امکانات معدوم قرار دیئے جبکہ 38 فیصد تاجروں کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مستقبل میں ملکی کاروباری حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔


گیلپ سروے میں 45 فیصد تاجروں نے کاروبار میں پیش آنے والے مسائل سے متعلقہ سوال پر مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔ 16 فیصد تاجروں نے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی جبکہ 7 فیصد تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جانی چاہیے۔ پاکستان کے ممکنہ ڈیفالٹ کرنے کی خبروں پر 72 فیصد کاروباری اداروں کے مالکان نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مہنگائی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا گیا ہے اور بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کو یوٹیلٹی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔ کاروباری برادری کی طرف سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملکی معاشی حالات کی بہتری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔