Advertisement

مفتاح اسماعیل نے روپے کی گرتی ہوئی قدر کے حوالے سے بڑا خدشہ ظاہر کردیا

mifthaisamaasj.jpg


سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر اور روپے کی قدر میں گراوٹ کے حوالے سے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کہاں جاکر رکے گا اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قدر کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے پیش نظر کوئی بھی کچھ نہیں بتاسکتا کیونکہ روپے کی قدر مستحکم نہیں ہے تاہم اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ روپے کی قدر کم ہونے سے ملک میں مہنگائی کی شرح 35 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

نو مئی کو ہونے والے واقعات سے متعلق سوال پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، اس روز جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، میں نے 5 ماہ جیل میں اور 50 دن نیب کی حراست میں گزارے، میرے دل میں کبھی پارٹی چھوڑنے کا خیال نہیں آیا، ہماری پارٹی کے دیگر رہنما بھی گرفتار ہوئے مگر کسی نے پارٹی نہیں چھوڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی لیڈر شپ گرفتار ہوئی مگر کسی نے ایسے اعلانات نہیں کیے، حیرانگی کی بات ہے کہ پی ٹی آئی والے ویسے تو بڑی بڑی باتیں کرتے تھے مگر یہ ایک یا دو دن بھی جیل کی صعوبتیں برداشت نہیں کرسکے، یہ لوگ تو عدالتی سپورٹ کے باوجود پارٹی چھوڑ کر جارہے ہیں، عمران خان 60 ارب سے متعلق سوال کا جواب دیتے مگر انہوں نے پورے ملک میں جلاؤ گھیراؤ شرو ع کردیا۔