Advertisement

مستحق فنکاروں کو نظر انداز کرنے پر پنجاب حکومت کیخلاف احتجاج کا اعلان

419207_14929401.jpg



پنجاب حکومت کی طرف سے مستحق فنکاروں کو نظر انداز کرنے پر آرٹسٹوں نے احتجاجی مظاہرے اور دھرنا دینے کااعلان کر دیا۔ فنکار چھ ماہ سے وظیفے نہ ملنے پر بے روزگار جبکہ بیمار فنکار شدید پریشانی کا شکار ہوگئے۔ پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کے وظیفے چیک کے بجائے خدمت کارڈز کے ذریعے دینے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے اربن یونٹ نے فنکاروں کے گھروں میں جا کر سروے کیا اور پنجاب بھر کے پانچ سو سے زائد فنکاروں کوخدمت کارڈز کیلئے منتخب کیا گیا۔

تمام مراحل مکمل ہونے کے باوجودجولائی کے بعد انہیں خدمت کارڈزجاری نہ ہوئے ، معلوم ہوا کہ وزارت ثقافت نے تمام کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فنکاروں کوخدمت کارڈزجاری کرنے کیلئے 8 کروڑ روپے کے فنڈزکی ڈیمانڈ کی ہے لیکن ابھی تک پنجاب حکومت نے فنڈز منظور نہیں کئے جس کے باعث خدمت کارڈز التوا کا شکار ہیں جس پر انہوں نے حکومت پنجاب سے اپنااحتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ فنکار کل لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا دینگے، اگر ان کی شنوائی نہ ہوئی تووہ آئندہ چند روز تک مستقل دھرنے کا اعلان کرینگے ۔ فنکاروں کا کہنا تھا کے پی کے حکومت نے ثقافت کے زندہ امین کے عنوان سے فنکاروں کی پذیرائی کیلئے سکیم شروع کی جو کامیابی سے جاری ہے وہاں تمام فنکاروں اور تکنیک کاروں کو ہر ماہ 30 ہزار روپے ماہانہ وظائف دئیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے سینئراداکارہ صابرہ سلطانہ ،نثار بٹ ،عنایت بیلی، گلوکار انور رفیع ، استاد حسین بخش گلو، آصف جاوید اور شفاعت اعوان کا کہنا تھا

ہم چھ ماہ سے انتظار کر رہے ہیں لیکن ہماری درخواست پر غور نہیں کیاجارہا جس کی وجہ سے ہم احتجاج کرنے پرمجبورہوگئے ہیں،متعدد فنکاروں کے پاس ادویات خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں ۔ریڈیوکی سینئرگلوکارہ آسیہ نقوی ادویات نہ ملنے کے باعث کسمپرسی کی حالت میں انتقال کرگئیں ،ایم پرویز جگنو گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں لیکن ان کے پاس دوائی کے پیسے تک نہیں اسی طرح بہت سے فنکاربیماری اورکسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں۔

انکاکہناتھا اس سے قبل 138فنکاروں کومجموعی طورپر پانچ کروڑ روپے کے فنڈزملتے تھے اب پانچ سوفنکاروں کیلئے آٹھ کروڑروپے اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے ۔

Source
​
 
Last edited by a moderator: