Advertisement

لیگی حکومت پر تحقیقات کی آزادی اور شفافیت بارے خدشات ہیں،سلمان اقبال

7salamniqbaas.jpg

میں اور میری ٹیم ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔سلمان اقبال

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے چیف ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان اقبال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات کے حوالے سے اپنے پیغام میں لکھا کہ: میرے بھائی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم نے کل ہی مجھ سے رابطہ کیا تھا!

اگرچہ مجھے ابھی بھی پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کے حوالے سے تحقیقات کی آزادی اور شفافیت کے بارے میں خدشات ہیں اس کے باوجود میں اور میری ٹیم انہیں اپنا مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

Loading X post…
Open original post on X

دریں اثنا سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں فیصل واوڈا اور مراد سعید کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹر میں طلب کیا ہے جس میں انہیں شواہد کے ساتھ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر آنے کیلئے نوٹس بھیجا گیا ہے۔

فیصل واوڈا اور مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے جبکہ وقار احمد اور ان کی اہلیہ نیروبی میں انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں انڈیپنڈنٹ پولیس اوورسائٹ اتھارٹی نے ارشد شریف قتل کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا اور مراد سعید کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پیر کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر طلب کرلیا ۔

دوسری طرف ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی صحافی اور اینکر ارشد شریف قتل کیس کے بعد امریکا نے کینیا میں شوٹنگ سائٹ ایموڈمپ سے 4لاکھ ڈالر کا تربیتی معاہدہ ختم کردیا ہے۔ امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور ایموڈمپ کے درمیان انسداد دہشت گردی اور منشیات کے معاہدے شامل تھے جس کا مقصد کینیا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بہتر بنانا تھا جبکہ امریکا کے علاوہ دیگر متعدد کمپنیوں نے بھی ایموڈمپ کے ساتھ معاہدے ختم کر دیئے ہیں۔

شہید صحافی ارشد شریف نے ایموڈمپ میں ایک دن اور دو راتیں قیام کیا تھا! ذرائع کا کہنا ہے کہ مگادی میں واقع شوٹنگ سائٹ پر ارشد شریف نے زندگی کے آخری لمحات گزارے تھے! جو کراچی سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں وقار احمد اور خرم کی ملکیت ہے۔