Advertisement

فیصل آباد کے حلقہ این اے 99 میں عاصم منیر اور عمران خان مدمقابل

faislah1h12.jpg

ملک بھر کی سیاسی جماعتوں عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں اور ایسے میں دلچسپ واقعات سامنے آ رہے ہیں، کسی حلقے میں خونی رشتے مدمقابل ہیں تو کسی حلقے میں انتخابات لڑنے کیلئے ایسے نام سامنے آرہے ہیں کہ حیرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے NA-99 میں انتخابات لڑنے کے لیے عمران خان اور عاصم منیر آمنے ہیں لیکن یہ وہ نہیں ہیں جو ان کے نام سے ظاہر ہو رہا ہے۔

فیصل آباد کے حلقے NA-99 میں عاصم منیر نامی امیدوار جماعت اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں جو ترازو کے نشان پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ عاصم منیر کے مقابلے میں عمران خان نامی امیدوار کرین کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پچھلے کچھ مہینوں سے جیل میں قید ہیں اور 8 فروری 2024ء کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کا حق بھی کھو چکے ہیں۔ تحریک انصاف سے ان کا انتخابی نشان بلا بھی چھینا جا چکا ہے جس کے بعد اب ان کے تمام امیدوار مختلف انتخابی نشانوں کے ساتھ بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2018ء کے انتخابات میں یہ حلقہ NA-105 تھا جہاں سے تحریک انصاف کے امیدوار رضا نصراللہ نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے محمد فاروق انتہائی کم مارجن کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے تھے، وہ پھر سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ محمد فاروق وہی امیدوار ہیں جن کا ٹکٹ کے معاملے پر پارٹی اجلاس میں بیٹے سے جھگڑا ہوا تھا اور نوازشریف نے دونوں میں صلح کروائی تھی۔