جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کردی, انہوں نے کہا ان کے خلاف اب قانون حرکت میں آیا ہے تو وہ خود کو مظلوم کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کا روزگار ختم کرنے کے ایجنڈے پر کار بند رہی اور اعلان یہ کیا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، 50 لاکھ گھر بنانے کے بجائے 50 لاکھ گھر مسمار کر دیے۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ عمران خان اب جیل میں پڑا ہے، ریاست مدینہ کے نعرے لگا کر اب ریاست کی بھی ان کو سمجھ نہیں آ رہی، ان سے کوئی پوچھے کہ ریاست مدینہ کسے کہتے ہیں۔
عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف کچھ نہ ہو باقی سب کے خلاف قانون حرکت میں آئے، اب ان کے خلاف قانون حرکت میں آیا ہے تو کہتے ہیں ہم مظلوم ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ باہر سے پیسہ آئے گا اور ہم خیبر پختونخوا کو بنائیں گے اور مولانا پیسے تم خود تقسیم کرنا۔
پشاور کے ضلع لکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک تحریک کا نام ہے اور جماعت نے ہمیشہ غریبوں کی نمائندگی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مسلمان ہو کر تمام عبادتیں پوری کرتے ہیں جو ہم سب کے ذاتی معاملات ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ملک پاکستان دشمن ممالک سے لاکھوں ڈالر وصول کیے ہیں اور اب ایمان دار بن رہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تباہ کرنے والے مکافات عمل کا شکار ہیں ،انہیں اپنا خود احتسا ب کرنا ہوگا۔
ٹانک میں جلسے میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت سیاسی مخالفین کےساتھ تعصب نہیں کرتی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں ،اُن کا مقابلہ کروں ،مزہ نہیں آئے گا، آزاد ہوتے تو بات کرتا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی عمارت کو تباہ کیا گیا، اب کہتے ہیں ٹھیک نہیں کرسکتے ، کیسے ٹھیک کریں ؟، عمارت گرے گی تو دوبارہ بنے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کو عوام نے حق سچ کا ساتھ دینا ہے، ووٹ قوم کے مستقبل کا فیصلہ کرتا ہے،عوام کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو حق ہے کہ وہ اپنا نظریہ قوم کے سامنے رکھیں، ہر سیاسی جماعت کا اپنا اپنا نظریہ ہے، ہم نے ہمیشہ تحمل اور استقامت سے سیاست کی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فلاحی ریاست میں انسانی حقوق کا تحفظ ہوتا ہے، فلاحی ریاست مضبوط معیشت اور امن کے بغیر ممکن نہیں، کیا پاکستان میں امن اور روز گار ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج ملک میں بدامنی کیوں ہے؟ کیوں کہا جارہا ہے کہ الیکشن مہم نہ چلائیں آپکی جان کو خطرہ ہے، پاکستان کی عمارت کو ہلایا گیا اب کہتے ہیں آپ ٹھیک نہیں کرسکتے، ملکی معیشت کو تباہ کردیا گیا، معیشت کو تباہ کرنیوالے اپنا احتساب خود کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2fazdawabaourukhan.png
Advertisement





