Advertisement

عمران خان کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کا حصہ بننے سے انکار

11imrankhanananananmuzaarat.jpg

سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں خود حصہ بننے سے انکار کردیا ہے، کہا پارٹی رہنما مذاکرات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جن کو میں چور اور کرپٹ کہتا ہوں ان کے ساتھ مذاکرات میں کیسے بیٹھ سکتا ہوں، تاہم اگر مذاکرات ہوئے تو پارٹی کے دیگر اراکین اس کا حصہ بنیں گے میں اس میں نہیں بیٹھوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے تو صرف الیکشن کے معاملے پر ہوں گے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ اس وقت 90 روز میں انتخابات ہیں، اگر 90 روز میں انتخابات نا ہوئے تو اکتوبر میں انتخابات کے امکانات کم ہیں۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ملک انتخابات کی طرف نہیں جاتا تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، ہمارا کسی فی الحال کوئی رابطہ نہیں ہے تاہم انتخابات پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

سپریم کورٹ میں تقسیم کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کی پرانی روش ہے، پی ڈی ایم نے تین رکنی بینچ کا فیصلہ نا ماننے کا اعلان کیا ہے تاہم ہماری جماعت عدالت عظمیٰ کا بھرپور ساتھ دے گی، سپریم کورٹ کا فیصلہ نا ماننے کا مطلب ہے کہ ملک میں آئین و قانون ختم ہوگیا ہے، تاہم اس معاملے میں پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جان بوجھ کر ہماری سیٹیں کمی کی گئیں تاکہ ہمیں کنٹرول کیا جاسکے، ہم جانتے ہیں کہ ہمارے لوگوں کو کون لے کر گیا ہے۔