Advertisement

عمران خان اور اداروں کیساتھ ناکام رومانس

aoyy8-tuntc.jpg
آپ کو یاد ہوگا، تحریک عدم اعتماد سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کہا کرتے تھے کہ ملک کو حکومتیں نہیں مضبوط ادارے چلاتے ہیں۔ کیونکہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر ادارے مستقل رہتے ہیں۔اسی لئے اداروں کی طویل مدتی “ادارہ جاتی یاداشت” کی بدولت وہ ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے منتخب حکومتوں سے بھی بہتر کر سکتے ہیں۔ اسی سوچ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عمران خان نے اداروں کو مضبوط کرنا شروع کر دیا۔
کشمیر کے خراب حالات اور آرمی کی ادارہ جاتی یاداشت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے آرمی چیف جنرل باجوہ کی توسیع کر دی۔ پھر افغانستان میں خراب حالات اور آئی ایس آئی کی ادارہ جاتی یاداشت کو دیکھتے ہوئے جنرل فیض حمید کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی توسیع دینے کی کوشش کی۔ مگر اب کی بار پاکستان کے یہ سب سے طاقتور ترین ادارے اپنی ادارہ جاتی یاداشت کو مزید برداشت نہ کر سکے اور کریش کر گئے۔
ادارے جب دوبارہ ری بوٹ ہوئے تو جن کو سالوں سے چور ڈاکو کہہ رہے تھے ان کیساتھ ملکر عمران خان کی حکومت گرا دی۔ جو شخص دن رات اپنے ملک اور اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کرتا رہا۔ اس کی تمام تر کاوش و محنت کا ڈیٹا اداروں کی یاداشت سے ڈیلیٹ ہو گیا۔ اب اس کی جگہ ان چوروں لٹیروں نے لے لی تھی جن کو یہی ادارے خود ماضی میں ملک دشمن، غدار وغیرہ کہتے رہے ہیں۔
اسی لئے سیانے کہتے ہیں کہ گدھے پر اس کی برداشت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔ وگرنہ وہ دولتیاں مار مار کر سامان سمیت اپنے مالک کو ہی زخمی کر دیتا ہے۔

​
 
Advertisement
Advertisement