Advertisement

عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے امیدوار کی بنیادی اہلیت کی ہدایات جاری

2eecppahleutii.png


الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے بنیادی اہلیت کی تفصیلات جاری کردیں,الیکشن کمیشن کے مطابق رکن پارلیمنٹ بننےکیلئے امیدوارپاکستان کا شہری ہو اور کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی آخری تاریخ تک امیدوارکی عمر 25 سال سےکم نہ ہو۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوارپاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو اور صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار متعلقہ صوبے کا امیدوار ہو جب کہ قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدوارکا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازم ہے۔


الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوارکی اہلیت و نااہلیت کی تفصیلات آئین کےآرٹیکلز 62 اور63 میں درج ہیں، جنرل نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائیدکنندہ کا متعلقہ حلقےکا ووٹر ہونا لازم ہے جب کہ غیر مسلم نشستوں کے امیدوارکے تجویز و تائیدکنندہ پاکستان کے کسی بھی حصے کے ووٹر ہوسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا انتخابی اخراجات سے متعلق ہر امیدوارکسی بھی شیڈول بینک میں خصوصی اکاؤنٹ کھولے اور اکاؤنٹ پہلے سے موجود ہے تو بینک اکاؤنٹ کی تفصیل کاغذات نامزدگی میں درج کریں، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت بینک اسٹیٹمنٹ منسلک کرنا لازمی ہوگا جب کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی امیدوار اسٹامپ پیپرپر تصدیق کراکے دےگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوارکاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنی، اہلیہ یا شوہر اور زیرکفالت بچوں کے اثاثوں کی تفصیل لکھے، کاغذات نامزدگی امیدواریا اس کا تجویز و تائیدکنندہ کی جانب سے مجاز شخص جمع کراسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی میں کوئی خانہ امیدوارسے متعلقہ نہ ہو تو وہاں این اے لکھ دیاجائے، امیدوار اپنی تازہ ترین تصویرکاغذات نامزدگی پرمخصوص جگہ پرچپکائےگا۔

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے عام انتخابات کے لیے ملک میں ووٹرز کا ڈیٹا جاری کر دیا,الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہو گئی ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار56 ہے، ملک میں مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد ہے اور خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار 29 ہے، جس میں 5 لاکھ 68 ہزار 406 مرد ووٹرز اور 5 لاکھ 14 ہزار 623 خواتین ووٹرز ہیں۔

بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 53 لاکھ 71 ہزار 947 ہے، صوبے میں مرد ووٹرز کی تعداد 30 لاکھ 16 ہزار 164 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ 55 ہزار 783 ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختون خوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 19 لاکھ 44 ہزار 397 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 99 لاکھ 83 ہزار 722 ہے۔

پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ہے، صوبے میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار 82 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 814 ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ہے جس میں مرد ووٹر ایک کروڑ 46 لاکھ 12 ہزار 655 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ 82 ہزار 114 ہے۔