وہ (یعنی تمہاری بیویاں) تمہارے لئے لباس ہیں اور تم ان کے لئے لباس ہو۔
*تفسیر:* آیت کے اس حصہ میں مرد اور عورت کے (بحثیتِ میاں بیوی) باہمی تعلقات کو انتہائی خوش اسلوبی سے بیان فرمایا گیا ہے۔ یعنی جیسے وہ تمہارے لیے لباس ہیں ویسے ہی تم ان کے لیے لباس ہو۔ اس لحاظ سے دونوں کے حقوق اور فرائض مساوی ہیں۔ پھر لباس کی تعبیر کتنی معنیٰ خیز ہے۔ مختصر الفاظ میں لباس پردہ ہے، ہر عیب کو چھپاتا ہے۔ زینت ہے، حسن و جمال کو نکھارتا ہے۔ راحت ہے، سردی اور گرمی سے بچاتا ہے۔ کیا ایک اچھی بیوی اپنے خاوند کے لیے اور ایک اچھا خاوند اپنی بیوی کے لئے پردہ، زینت اور راحت نہیں؟ یقیناً ہے۔ جس ملّت کے ہر گھر میں زوجیّت کا یہ بلند تصوّر اور اعلیٰ معیار ہو، اس کے لیے یہ دنیا جنت نہیں تو اور کیا ہے۔ اسلام پر یہ اعتراض کرنے والے کہ اس نے عورت کے حقوق کو پامال کر دیا ہے، اگر آیت کے اس حصہ پر نظر ڈالیں تو انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا۔۔۔