Advertisement

صدر و وزیراعظم سمیت اعلی حکام کے توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے پر پابندی

6toskajapabandibil;lsls.jpg


سینیٹ اجلاس نے صدر ، وزیراعظم اور تمام عوامی عہدیداران پر توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنےپر پابندی عائد کرنے کا بل منظور کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں توشہ خانہ مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن بل 2023 ایک شق کے اضافے کے ساتھ منظور کرلیا گیا ہے، قانون کے مطابق صدر ، وزیراعظم سمیت تمام پبلک آفس ہولڈرز توشہ خان سے تحائف نہیں لے سکیں گے۔

نئے قانون کے تحت توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف کو عوامی نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا، وصول کنندگان کو قدیم اشیاء اور گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ نوادرات کو عجائب گھروں یا سرکاری عمارتوں میں آویزاں یاجائے گا، تحفے میں ملنے والی گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع ہوں گی، یہاں سے ان گاڑیوں کو کابینہ ڈویژن کے ٹرانسپورٹ اور پروٹوکول پول میں منتقل کردیا جائے گا۔


قانون کے مطابق نیلامی کے موقع پر بھی پبلک آفس ہولڈریا ان کے خاندان کو حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کسی پبلک آفس ہولڈر نے تحفہ وصول کرنے کی اطلاع نہیں دی تو اس کے خلاف مناسب کارروائی ہوگی، بل کا اطلاق چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ ساتھ وفاقی کابینہ، مشیروں اور معاونین، اراکین پارلیمنٹ پر ہوگا۔

توشہ خانہ مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن بل 2023 کے مطابق توشہ خانہ تحائف سے ملنے والی رقم الگ اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائے گی جسے ملک کے دور دراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ کیا جائے گا۔