سندھ کے شہر قمبر شہدادکوٹ میں پولیس کی کارروائی کے دوران کراچی کے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا۔ مارے جانیوالے ملزم کی شناخت انور حسنی بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانیوالے ملزم انور کے سر پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا، ہلاک شخص کے دوسرے ساتھی اشرف کو منگھوپیر سندھ بلوچستان بارڈر سے 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 2014ء سے وارداتوں میں ملوث اور 3 مرتبہ گرفتار ہوچکا تھا، ملزم ہر بار ضمانت پر رہا ہوکر وارداتیں کرتا رہا جبکہ ملزم کے خلاف 13 مقدمات درج تھے۔
دوسری جانب جائے وقوعہ سے ملنے والے خول کی فارنزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اطہر متین قتل میں استعمال ہونیوالا اسلحہ پہلے بھی واردات میں استعمال ہوتا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چند روز قبل گلبرگ میں بھی اسی اسلحے سے شہری پر فائرنگ کی گئی تھی، ملزم انور اور اشرف نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی چلائی تھی۔
اپنے بھائی کے قتل میں ملوث ملزم کی ہلاکت پر اطہرمتین کے بھائی طارق متین کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں طارق متین کا کہنا تھا کہ ایسے مجرم عدالتوں سے کڑی سزا پائیں ۔ یہ مہذب معاشرے کی جیت ہے مگر یہ درندے قانون نافذ کرنے والے داروں پر بھی حملہ آور ہوتے ہیں تب یہ انجام ہوتا ہے۔ اللہ ہمارے شہروں کو ان سے پاک کرے
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/athri1h1h21.jpg
Advertisement





