شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی افسوسناک موت ہو چکی: عدنان صدیقی

15adnanseddgqi.png

قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو انصاف اور شہری حقوق کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی : معروف اداکار

پاکستان میں8 فروری 2024ء کو ہونے والے ملک کی تاریخ 12 ویں عام انتخابات مکمل ہو چکے ہیں لیکن تاحال بہت سے حلقوں کے نتائج آنے باقی ہیں۔ قومی اسمبلی کے 265 میں سے 252 حلقوں کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہو چکے ہیں اور 13 حلقوں کے نتائج اب تک نہیں آ سکے۔

عام انتخابات کے انعقاد کے بعد سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بہت سی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں جن کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے۔

ملک بھر سے انتخابات کے نتائج سے نالاں سیاسی رہنمائوں، کارکنوں اور عام عوام کے ساتھ ساتھ شوبز کی متعدد شخصیات کی طرف سے بھی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے عام انتخابات کے نتائج پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ انتخابات کے نتائج پر تنقید کرنے والوں میں معروف اداکار عدنان صدیقی بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی ناراضی کا اظہار سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔

adn1-1707562876.jpg


عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ سے ایک تعزیتی نوٹ جاری کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ: انا للہ وانا الیہ راجعون! میرے سمیت ملک کے عوام کی طرف سے بھاری دل کے ساتھ انصاف اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی افسوسناک موت کا اعلان کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو اپنے ملک میں انصاف اور شہری حقوق کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔

عدنان صدیقی نے لکھا: میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے لوگوں کو صبر عطا فرمائے اور ہمارے ملک میں اس ناانصافی کو ایک بار پھر سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ مزید لکھا کہ میرا یہ تعزیتی پیغام ان لوگوں کے لیے ہے جن لوگوں نے مظالم میں مدد اور سہولت فراہم کی، ہم یہ ناانصافی، ظلم وبربریت کبھی بھول نہیں پائیں گے۔