Advertisement

سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد تاریخی سطح پر پہنچ گئی

11sckjskjdkjdnmklljsljsljd.png

پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں میں ایک طرف تو سیاستدانوں اور ملک کے بالادست طبقے کے کیسز ہنگامی بنیادوں پر چل رہے ہیں تو دوسری طرف اس ملک کی عوام انصاف حاصل کرنے کے لیے دربدر ہو چکی ہے اور ان مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیرالتواء مقدموں کی تعداد بڑھتے بڑھتے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہےاور پہلی دفعہ ان کی تعداد 59 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے زیرالتواء مقدموں کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق ایسے مقدمات کی تعداد 59 ہزار 64 ہو چکی ہے۔ رواں ماہ یکم جولائی سے 15 جولائی 2024ء کے دوران 1206 مقدمات دائر کیے گئے ہیں اور اس دوران 481 کیس نپٹائے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق ان 15 دنوں کے دوران 481 کیسز نپٹائے گئے اور اس دوران انسانی حقوق سے متعلقہ کسی بھی کیس کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ہائیکورٹس کی طرف سے کیسز پر جاری کیے گئے فیصلوں کے خلاف دائر کی گئی 32 ہزار سے زائد اپیلوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا بھی اب تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔

رپورٹ کے مطابق فوجداری اپیلوں میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہےاور اب ایسی اپیلوں کی تعداد 10 ہزار سے بھی بڑھ چکی ہے، اس کے علاوہ جیلوں میں قید ملزموں کی طرف سے دائر کی گئی اپیلوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے 3 ہزار 295 تک پہنچ چکی ہے۔ 16 سے 30 جون کے درمیان 3324 جیل پٹیشنز میں سے ایک بھی فیصلہ نہ ہوسکا جبکہ اس دوران 473 مقدمات دائر ہوئے اور 201 مقدمات نپٹائے جا سکے۔
 
Advertisement