ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم عمران خان پر ریاستی مفادات کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے: نوٹس
چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے آج مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر 164 کے تحت سائفر سے متعلق اعترافی بیان ریکارڈ کروادیا ہے۔ اعظم خان کا
کہنا تھا کہ سائفر ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں کابینہ کے تمام ارکان کو ملوث کیا گیا۔ سائفر والا سارا معاملہ پری پلان ڈراما تھا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام تر حقائق چھپا کر کہا کہ ’سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا۔
اعظم خان کے اعترافی بیان کے بعد سائفر معاملے پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کی طرف سے عمران خان کو 25 جولائی کی طلبی کا نوٹس ان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ بنی گالہ اور زمان پارک کے پتوں پر جاری کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نوٹس کے متن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے سائفر کو اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر استعمال کرنے کے حوالے سے جوائنٹ انکوائری ٹیم کی طرف سے تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم اپنی تحقیقات عمران خان پر قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت کر رہی ہے۔
ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 25 جولائی کے دن 12 بجے ہیڈکوارٹرز میں طلب کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ دستاویزات شواہد اپنے ساتھ لائیں۔ یاد رہے کہ عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفر کو بنیاد بنا کر اپنی حکومت گرانے کی سازش کا بیانیہ بنایا تھا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت ختم کرنے میں امریکہ کا ہاتھ ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس 8 مارچ کو سیکرٹری خارجہ کی طرف سے اعظم خان کو سائفر بارے میں آگاہ کیا تھا جبکہ شاہ محمود قریشی عمران خان کو پہلے ہی اس بارے بتا چکے تھے لیکن عمران خان کی طرف سے سائفر کو سٹیبلشمنٹ اور اپوزیشن کیخلاف بیانیہ بنانے کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ سابق وزیراعظم نے سائفر اپنے پاس رکھا جو خلاف قانون ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8imranacypgekahaptt.jpg
Advertisement





