Advertisement

رانی پور:فاطمہ قتل کیس، ملزمان کو رہائی کے بعد واپس بلالیا گیا

ran1i1h1h1.jpg

رانی پور میں پیر کی حویلی میں تشدد سے کمسن بچی فاطمہ کی ہلاکت کیس کے ملزمان کو پولیس نے چھوڑ دیا، خبر نشر ہوئی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، پانچوں ملزمان کو دوبارہ بلا لیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا کہ پانچوں ملازمین کو رہا ہی نہیں کیا گیا تھا۔

رہا کیے جانے والوں میں ایس ایچ او امیر چانگ، ڈاکٹر فتاح میمن، ڈاکٹر علی حسن وسان اور کمپاؤڈر امتیاز میراسی شامل ہیں،تفتیشی افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان کو بے گناہی کے ثبوت پیش کرنے پر چھوڑا گیا، چاروں ملزمان نے اپنی بے گناہی کے ثبوت ڈی ایس پی عبدالقدوس کلوڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو پیش کیے۔

پولیس کیس میں نامزد مرکزی ملزم اسد شاہ کی اہلیہ حنا شاہ کو بھی تاحال گرفتار نہیں کرسکی، جب کہ حنا شاہ کے والد فیاض شاہ بھی پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے،پولیس کے مطابق تمام افراد نے ڈی آئی جی سکھر کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان کے بے گناہی ثابت ہوئی۔ رہا ہونے والوں میں سابق ایس ایچ او رانی پور امیر چانگ، ہیڈ محرر، ایم ایس رانی پور ڈاکٹر عبدالفتاح میمن، ڈاکٹر علی حسن اور نائب قاصد امتیاز میراسی شامل ہیں۔ تاہم پانچوں کو ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے۔

پولیس نے 19 اگست کو ملزم اسد شاہ سے تفتیش کے بعد رانی پور اسپتال کا ڈسپنسر امتیاز کو گرفتار کیا تھا، اور پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈسپنسر امتیاز میراسی فاطمہ کا گھر پرعلاج کرتا تھا،ایف آئی آر میں نامزد ملزم اسد شاہ نے پولیس کو بتایا کہ رانی پور سرکاری اسپتال کا ڈسپنسر علاج کیلئے آتا رہا تھا۔

محکمہ صحت سندھ نے انکشاف کیا کہ امتیاز میراسی محکمہ ہیلتھ میں ڈسپنسر نہیں بلکہ نائب قاصد ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش کے ڈی کمپوزیشن کا عمل ابتدائی مراحل میں تھا، چہرے کے دائیں جانب کے حصے پر نیل کے نشانات تھے، جب کہ ناک اور کانوں سے خون ٹپک رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ کی دونوں آنکھیں سوجی ہوئی تھیں، بچی کی زبان اس کے دانتوں میں دبی ہوئی تھی، اس کی پیشانی کی دائیں جانب چوٹ کے نشانات تھے، سینے کے دائیں جانب اوپر کی طرف بھی زخموں کے نشان تھے، اور ٹیشوز کے نیچے خون بھی جمع تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے بچی کمر کے درمیان 5 سے 2 سینٹی میٹر زخم کے نشان تھے، کمر کے نچلی جانب بھی 6 سینٹی میٹر زخم کا نشان تھا، کمر کے بائیں جانب 2 سینٹی میٹر، ہاتھ سے لیکر بازو تک 10سینٹی میٹر اور دائیں ہاتھ پر بھی 6 سینٹی میٹر کے زخم کا نشان تھا۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ کے بائیں ہاتھ میں سوراخ کرنے کے نشان بھی تھے، اور تمام زخم موت سے پہلے کے ہیں، بچی کے سر پر بھی چوٹیں ہیں، جب کہ رپورٹ کے مطابق بچی سے زیادتی کی گئی،16 اگست کو خیرپور میں واقعہ پیش آیا، جہاں بااثر پیر کی حویلی میں 10 سالہ بچی فاطمہ پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی، بچی کی لاش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی میں بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح تھے۔

بچی کو پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی دفن کردیا گیا، اور پولیس نے جاں بحق بچی کا میڈیکل اور پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی کیس داخل دفتر کردیا،ابتدا میں بچی کے والدین نے بیان دیا کہ ان کی بیٹی مرشد کے گھر میں کام کرتی تھی، اور غربت کی وجہ سے وہ خود اپنی بچی کو وہاں چھوڑ کر آئے تھے۔