Advertisement

راشد لطیف نے رضوان کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق بیان پر معذرت کرلی

421275_8566772_updates.jpg


ستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹائے جانے اور سروگیٹ بیٹنگ اشتہارات کے بارے میں دیے گئے اپنے بیانات غیر مشروط طور پر واپس لیتے ہوئے معافی مانگ لی ہے، جس کے بعد ان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان جاری تنازع ختم ہو گیا ہے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب راشد لطیف نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ محمد رضوان کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانے کی وجہ ان کی فلسطین کے لیے کھلی حمایت ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مبینہ طور پر پی سی بی و چند منسلک افراد پر جوئے کی ایپس پرموٹ کرنے کامبینہ الزام عائد کیا کہ "جوئے کا لوگو لگانے اور چھپانے میں سزا اور جزا‘۔ اس بیان کو پی سی بی نے ہتک آمیز اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں سابق کپتان کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی تھی۔ ساتھ ہی انہیں 17 نومبر کو این سی سی آئی اے کے لاہور دفتر میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔


اب اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی معذرت نامہ جاری کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا ہے کہ ان کے بیانات کا مقصد کبھی بھی کسی کھلاڑی یا بورڈ عہدیدار پر الزام تراشی کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سروگیٹ اشتہارات کے بارے میں ان کے تبصرے غلط انداز میں لیے گئے اور ان کا نشانہ کسی فرد یا کھلاڑی کو بنانا نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ون ڈے کپتانی سے رضوان کی برطرفی کو فلسطین حمایت سے جوڑنا ان کی جانب سے ایک غلط قیاس آرائی تھی جس کی کوئی مستند بنیاد موجود نہیں تھی۔

Loading X post…
Open original post on X

سابق کپتان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے بیانات سے اگر پی سی بی، کھلاڑیوں یا عوام میں کسی کو دکھ یا تکلیف پہنچی ہو تو وہ اس کے لیے دل سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تمام بیانات بغیر کسی شرط کے واپس لیتے ہیں اور آئندہ اپنی عوامی گفتگو کو ذمہ دارانہ، متوازن اور شواہد پر مبنی رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان کی عزت اور کرکٹ کی ساکھ کو ہمیشہ مقدم سمجھتے ہیں اور بطور سابق کپتان ان کا فرض ہے کہ قومی اداروں کے وقار اور شہرت کا تحفظ کریں۔


راشد لطیف کی معافی کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی ان کی حمایت میں ایک پوسٹ کی تھی جسے بعد میں ہٹا دیا۔

نجم سیٹھی نے کہا تھا میں سابق کرکٹ کپتان راشد لطیف کے خلاف ایف آئی اے کی من گھڑت انکوائری پر حیران ہوں۔ انہوں نے پی سی بی پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقیدی ریمارکس کیے تھے۔ میں کرکٹ منتظمین سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے باز رہیں اور عدلیہ سے توقع کرتا ہوں کہ وہ ہماری آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔


اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نجم سیٹھی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ردِعمل میں کہا کہ ان کے بیانات حقائق کے منافی ہیں اور اس تنازع میں بورڈ کی کارروائیاں کسی کو خاموش کرانے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کی ساکھ بچانے کے لیے کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشد لطیف کی معافی دراصل بورڈ کے مؤقف کی تائید کرتی ہے اور پی سی بی ان کے ساتھ ایک نئے آغاز کا خیر مقدم کرتا ہے۔


Loading X post…
Open original post on X

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ تنقید کو خوش آئند سمجھتا ہے مگر بے بنیاد الزامات پھیلانے کے عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اس نوعیت کے معاملات بات چیت اور ذمہ داری کے ساتھ حل کیے جائیں گے تاکہ قومی کھیل کے وقار اور اتحاد کو کسی قسم کی تقسیم یا غلط فہمی سے نقصان نہ پہنچے۔