- Joined
- Dec 26, 2014
- Posts
- 10,923
- Reaction score
- 7,750
- Points
- 218
Loading X post…
Open original post on Xاسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی کے حوالے سے جاری خدشات کے دوران، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کو بتایا کہ اسلام آباد میں پیپر مل بیری کے درخت وزیرِاعظم آفس (پی ایم او) کی ہدایات پر کاٹے جا رہے تھے۔
اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے سی ڈی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ ماسٹر پلان میں تبدیلیاں وفاقی حکومت کے اختیار میں آتی ہیں اور اس منصوبے میں سرکاری منظوری کے ساتھ متعدد بار ترامیم کی جا چکی ہیں۔
سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبہ بندی کے اصولوں کے تحت ادارہ 8 فیصد سبزہ یقینی بنانے کا پابند ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں موجود سبزہ اس مقررہ معیار سے زیادہ ہے۔
حالیہ دنوں میں دارالحکومت میں سی ڈی اے کی جانب سے درختوں کی کٹائی کی مہم نے وسیع بحث کو جنم دیا ہے اور یہ حکمران اتحاد کے اندر بھی اختلاف کا باعث بن گئی ہے، کیونکہ متعدد سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے درختوں کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جنوری میں کہا تھا کہ یہ مہم خاص طور پر پیپر مل بیری کے درختوں کے خلاف ہے، جن کے بارے میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ شہر میں سنگین صحت کے مسائل کا سبب بن رہے ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران ادارہ تقریباً 30 ہزار پیپر مل بیری کے درخت کاٹ چکا ہے، جن میں 8 ہزار 700 الرجی پیدا کرنے والے درخت بھی شامل ہیں، تاکہ پولن الرجی کی شدت کو کم کیا جا سکے۔
گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کی درختوں کی کٹائی کی مہم معطل کرتے ہوئے تمام فریقین سے شق وار جواب اور تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔
آئی ایچ سی کو جمع کرائے گئے جواب میں سی ڈی اے نے برقرار رکھا کہ پیپر مل بیری کے درخت پولن الرجی کا سبب بنتے ہیں، اس لیے انہیں ہٹایا گیا۔ ادارے کے مطابق، سائنسی تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ پیپر مل بیری دمہ اور دیگر الرجی کی بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔
سی ڈی اے نے کہا کہ نقصان دہ پیپر مل بیری کے درخت کاٹ کر ماحول دوست درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ اس پر بھی زور دیا کہ پیپر مل بیری کی قسم آلودگی کے تدارک میں مددگار ثابت نہیں ہوتی بلکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی خرابی میں اضافہ کرتی ہے۔
سی ڈی اے نے یاد دلایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2022 میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک ماحولیاتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، جس نے 2023 میں پیپر مل بیری کے درخت کاٹ کر ان کی جگہ ماحول دوست اقسام لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ سی ڈی اے کے مطابق، پیپر مل بیری کے درخت سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں ہٹائے گئے۔
سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ وزیرِاعظم آفس نے 2024 میں صحافی سلیم صافی کے لکھے گئے ایک کالم کا نوٹس لیا تھا اور وزارتِ صحت اور سی ڈی اے کو پولن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی تھی۔ سی ڈی اے نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد ہائی وے کے ساتھ ایک طویل علاقہ پیپر مل بیری کے درختوں سے ڈھکا ہوا ہے۔
ادارے کے مطابق، وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ڈی ایچ اے فیز-8 میں “معرکۂ حق” — مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والی مسلح جھڑپ — کی یاد میں ایک یادگار تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ سی ڈی اے نے کہا کہ متعلقہ زمین وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کو منتقل کر دی گئی ہے اور وہاں موجود پودوں کو منتقل کر کے دیگر علاقوں، بشمول شکرپڑیاں، میں لگا دیا گیا ہے۔
Source
Loading X post…
Open original post on X
Last edited by a moderator:





