Advertisement

خیبرپختونخوا میں استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا:حبیب اکرم


"خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے ذریعے جو استحکام کا خواب دیکھا گیا تھا، وہ اب نظر نہیں آ رہا۔ یہ خواب ایسا لگتا ہے کہ خواب ہی رہے گا، کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا، اور پاکستان کی سیاست میں واضح ہو جانے والی خطِ تفریق اب ایسے واقعات کو جنم دے گی جو موجودہ نظام پر بوجھ کو بڑھاتے چلے جائیں گے"۔ حبیب اکرم

"پیپلز پارٹی اور ن لیگ، جو پاکستان میں دستور اور قانون کی حکمرانی کی بات کیا کرتی تھیں، جمہوریت اور ووٹ کو عزت دینے کی بات کیا کرتی تھیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں ووٹ سے منتخب حکومت کو ختم کرکے کم از کم اپنے اوپر سے جمہوریت یا دستور کی حکمرانی کا دعویٰ اپنے نامۂ اعمال سے نکال دیا ہے، بلکہ اب انہوں نے تابع فرمانی اور تابعداری کے نئے سنگِ میل لگا دیے ہیں، اور قدم بہ قدم نہیں، چھلانگ بہ چھلانگ اس پر آگے بڑھتے نظر آ رہے ہیں"۔ حبیب اکرم

"تحریکِ انصاف سے حکومت کا جب سے بوجھ اترا ہے، اس کی اصولی پوزیشن بالکل واضح ہو گئی ہے۔ درمیان میں ایک لکیر ہے، ایک طرف تحریکِ انصاف ہے اور دوسری طرف باقی جماعتیں، جو اس نظام سے کسی نہ کسی حوالے سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ جب اس طرح کی لائن واضح ہو جائے کہ ایک طرف ایک فریق ہو اور دوسری طرف دوسرا فریق ہو، تو اس کا مطلب ہے کہ اب واقعات کی رفتار پر کسی کا قابو نہیں رہے گا۔ واقعات کی رفتار نہ صرف تیز ہو جائے گی بلکہ ہو سکتا ہے کہ وہ ناخوشگوار بھی ہو۔ ان واقعات کا اثر بہرحال حکومت پر اچھا نہیں پڑے گا۔ تحریکِ انصاف کے لیے اب مشکلات مزید بڑھیں گی، لیکن تحریکِ انصاف کا خیال اور ووٹر کا رشتہ کسی صورت کمزور پڑتا نظر نہیں آ رہا"۔ حبیب اکرم

"قومی اسمبلی میں جب حکومتی ارکان بولتے تھے تو ان کی تقریر قومی اسمبلی کے یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نشر ہوتی تھی، مگر جیسے ہی پی ٹی آئی کے لوگ گفتگو کرتے تھے تو لائیو اسٹریمنگ روک دی جاتی تھی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ تحریکِ انصاف کے لوگوں کا نقطۂ نظر لوگوں تک نہ پہنچے۔ پہلے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی گئی تھی، اب یوٹیوب پر بھی پابندی لگتی نظر آتی ہے کہ اپوزیشن کے لوگ اسمبلی میں جو کہیں، وہ باتیں لوگوں کے سامنے آنے نہ پائیں"۔ حبیب اکرم
​