Advertisement

خیبرپختونخوا:سرکاری ملازموں کی تنخواہیں 25 فیصد کم کرنے کا فیصلہ، سمری تیار

63394ebf96995.jpg


خیبرپختونخوا کے ایم آئی ٹی ہسپتالوں میں سخت مالیاتی نظم وضبط قائم کرنے کی تجاویز

صوبہ خیبرپختونخوا حکومت کے مالی بحران نے شدت اختیار کر لی جس کے خلاف صوبائی حکومت نے سخت ترین اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے بڑھتے ہوئے مالی بحران نے صوبائی حکومت کو سخت ترین اقدامات کرنے پر مجبور کر دیا ہے جس کے بعد صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی سفارشات تیار کر لی ہیں جس کے لیے نگران وزیراعلیٰ کو سمری بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کرنے کا فیصلہ فنانس ڈیپارمنٹ ایک اجلاس میں کیا گیا ہے جس میں خیبرپختونخوا حکومت کے بڑھتے ہوئے مالی بحران کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں مالی بحران سے نپٹنے کے لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد کمی کرنے کی تجویز سامنے آئی جس پر سفارشات تیار کر لی گئی ہیں اور سمری نگران وزیراعلیٰ کو بھیجی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں مالی بحران روکنے کے لیے 3 آپشنز کے استعمال کرنے پر زور دیا گیا جن میں سرکاری ملازموں کی تنخواہوں میں کیے گئے 35 فیصد اضافے کو واپس لینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جس سے ماہانہ بنیادوں پر حکومت کو 9 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دوسرے دوسری آپشن کے طور پر تجویز سامنے آئی تھی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد کمی کر دی جائے سے جس ماہانہ بنیادوں پر 8 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کے ہیلتھ پروفیشنل، ایگزیکٹو ودیگر الائونسز کو مکمل طور پر ختم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی جس سے ماہانہ بنیادوں پر حکومت کو 2 ارب روپے بچیں گے۔

اجلاس کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم آئی ٹی) ہسپتالوں میں سخت ترین مالیاتی نظم وضبط قائم کرنے کے حوالے سے تجاویز دی گئیں ۔ نگران وزیراطلاعات صوبہ خیبرپختونخوا فیروز جمال شاہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت بڑھتے ہوئے مالی بحران سے نپٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے۔