Advertisement

خواتین کو پاکستان میں ووٹ ڈالنے سے روکا جارہا ہے، فرانسیسی خبر رساں ایجنسی

14womnelctionjjjj.png

مردوں کے ساتھ ساتھ عورتیں بھی ووٹ ڈالنے جائیں گی تو گھر کے کام کاج کون کرے گا؟: چیئرمین ولیج کونسل

غیرملکی ذرائع ابلاغ سے انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے روکا جا رہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی طرف سے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ پاکستان کے بہت سے دیہاتی علاقوں کے مرد چاہتے ہیں کہ وہ خواتین انتخابی عمل میں شرکت نہ کریں۔

مرد خواتین کو ان کے حقوق دینے کی ہمت نہیں رکھتے اس لیے انہیں انتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلئے ان کے پاس عجیب وغریب دلائل ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ایک خاتون نسیم کوثر نے کہا کہ گھر کے مردوں سے اجازت ملی تو انتخابات والے دن ووٹ ڈالنے ضرور جائیں گی۔ 60سالہ سابق سکول ٹیچر نسیم کوثر کو بھی شہر کی دوسری عورتوں کی طرح انتخابی عمل میں شامل ہونے سے روکا جا رہا ہے، ان کی 7 بیٹیاں ہیں جن میں سے 6 یونیورسٹی سطح تک تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔


نسیم کوثر کا کہنا تھا کہ والد، شوہر، بیٹے یا یا بھائی کی طرف سے ووٹ دینے سے روکنے کے لیے دبائو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ عورتیں خودمختار طور پر فیصلے کرنے میں بااختیار

نہیں ہیں۔ آئینی طور پر پاکستان میں بالغ افراد کیلئے ووٹ کا حق تسلیم ہونے کے باوجود کچھ دیہاتی علاقوں میں آج بھی ہر اہم فیصلہ مرد ہی کرتے ہیں اور ان کی بالادستی برقرار ہے۔

اے ایف پی کے مطابق پنجاب کے دھرنال نامی گائوں کے مرد چاہتے ہیں کہ خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی ہونی چاہیے جس کیلئے وہ مختلف دلائل پیش کرتے ہیں۔ دھرنال کی ولیج کونسل کے ایک رکن ملک محمد نے بتایا کہ ایک دفعہ انتخابات سے پہلے چیئرمین کونسل نے کہا مردوں کے ساتھ ساتھ عورتیں بھی ووٹ ڈالنے جائیں گی تو گھر کے کام کاج کون کرے گا؟

ایک دکاندار محمد اسلم کا کہنا تھا کہ خواتین کو انتخابی عمل میں شرکت کرنے سے روکنے کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ انہیں تنازعات سے دور رکھیں، ایک دفعہ پولنگ سٹیشن پر خواتین کے مابین جھگڑا ہو گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے دیہاتوں میں آج بھی لاکھوں عورتوں کے نام ہی ووٹرلسٹوں میں موجود نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار ہے کہ جس حلقے میں بھی خواتین کو انتخابی عمل سے دور رکھا جا رہا ہے وہاں انتخابی عمل منسوخ قرار دے سکتا ہے۔ ہر حلقے میں کاسٹ ہونے والے ووٹوں میں سے کم سے کم 10 فیصد ووٹ خواتین کے ہونے چاہئیں۔ کچھ علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت تو ہے تاہم ساتھ میں بتایا جاتا ہے کہ کس امیدوار کو ووٹ ڈالنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 8 لاکھ کی آبادی رکھنے والے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے کوہستان میں پچھلے مہینے علماء دین نے خواتین کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کو غیراسلامی قرار دے دیا تھا۔ حقوق نسواں وقانونی امور کی ماہر خاتون فاطمۃ الزہرا نے بتایا کہ خواتین کو رائے کے اظہار کا حق اسلام نے دیا ہے مگر یہاں دین کی من پسند یا غلط تشریح سے معاملات کچھ سے کچھ ہو جاتے ہیں۔