مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کی طرف سے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری
ملک بھر میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کے بعد جہاں متعدد سیاسی جماعتیں انتخابی بے ضابطگیوں اور نتائج میں ردوبدل کے الزامات پر احتجاج کر رہی ہیں وہیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔
وفاقی میں حکومت سازی کے لیے آج میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان اجلاس ہوا جس میں اتفاق نہ ہو سکا، دونوں سیاسی جماعتوں نے پیر کے روز مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی طرف سے قائم کی گئی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کی طرف سے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اور تفصیلی اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ دونوں سیاسی جماعتوں کی طرف سے دی گئی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور معاملات میں بہت حد تک پیشرفت ہوئی ہے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے اجلاس میں طے ہونے والے معاملات کو حتمی شکل دینے اور مزید سفارشات کے لیے پیر کے دن دوبارہ سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں ایک مضبوط جمہوری حکومت ہی پرامن ومستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔
کوآرڈی نیشن کمیٹی میں پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، ملک محمد احمد خان سینیٹر اسحاق ڈار اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنی جماعت کی نمائندگی کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سردار بہادر خان سیہڑ، شجاع خان، نواب ثناء اللہ زہری، ندیم افضل چن، سعید غنی، قمر زمان کائرہ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی جماعت کی نمائندگی کی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے حکومت بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی طرف وزارت عظمیٰ کیلئے شہبازشریف جبکہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ آصف زرداری کو صدر مملکت دیکھنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ن لیگ کو وزیراعظم کیلئے پیپلزپارٹی ووٹ دے گی مگر وزارتیں نہیں لے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16fdadSFGDDHNHH.png
Advertisement





