رانی پور کے علاقے میں پیر اسد شاہ کی حویلی میں تشدد کے بعد جاں بحق ہونے والی کمسن ملازمہ فاطمہ کی والدہ شبانہ نے بین الاقوامی اشاعتی ادارے بی بی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پیرفیاض شاہ نے مجھے کہا کہ اسے حویلی چھوڑ جائو بچوں کے ساتھ کھیلتی رہے گی۔
میں نے منع کیا تھا کہ آپ کی بیٹی سخت طبیعت کی ہے جس پر ملزم نے کہا کہ نہیں وہ فاطمہ کو خوش رکھے گی جس کے بعد ہم نے اپنی بیٹی کو 3 ہزار روپے ماہانہ کے عوض ان کے حوالے کر دیا۔
شبانہ کا کہنا تھا کہ فاطمہ سے 9 مہینوں کے دوران صرف 2 سے 3 بار حویلی کے گیٹ سے باہر ملاقات کروائی گئی جس میں ایک ملازمہ بھی ساتھ ہوتی تھی تاکہ وہ ان پر نظر رکھ سکےجبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب تھے۔ فاطمہ اپنی کسی تکلیف کا ذکر نہیں کرتی تھی، 28 جولائی کو آخری دفعہ ملاقات ہوئی تو فیاض شاہ کی منت سماجت کی کہ فاطمہ کو ساتھ جانے دیں ہمارے خاندان میں شادی ہے مگر وہ نہیں مانے۔
شبانہ کا کہنا تھا کہ میرا شوہر بھی فاطمہ کو لینے حویلی گیا تھا لیکن اسے بھی انکار کر دیا گیا اور بعد میں ہمیں اس کی لاش واپس ملی۔ ہم نے جب فاطمہ کو دفن کیا تو اس کے گلے اور بازوئوں پر تشدد کے نشانات دیکھے جبکہ ایک بازو ٹوٹا ہوا اور بال نوچے ہوئے تھے۔ فاطمہ کے زخم تو ہمیں نظر آ گئے تھے لیکن اس پر جو ظلم کیا گیا وہ ہم نے نہیں دیکھا تھا۔
کمسن فاطمہ کی لاش رانی پور کی حویلی سے گائوں واپس لانے والے نوجوان حسن فرڑو نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اڑھائی بجے دوپہر کو ایک رشتہ دار نے گاؤں میں فون کر کے اطلاع دی کہ فاطمہ فوت ہو گئی ہے جس کے بعد ہم 3 دوست لاش لینے کیلئے بائیک پرحویلی گئے۔ حویلی میں خاموشی چھائی ہوئی تھی جس کے بعد ڈیرے پر گئے تو فیاض شاہ آدھے گھنٹے بعد ڈیرے پر آگئے۔
حسن فرڑو نے بتایا کہ ہم نے پوچھا کہ فاطمہ کیسے فوت ہو گئی؟ تو ہمیں لیبارٹری اور ڈاکٹر کی رپورٹس دکھائی گئیں، جس پر ہم نے کہا وہ تو ٹھیک تھی جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج دینے کا کہا اور کہا کہ اس کے والدین کے علاوہ کسی کو نہ دکھانا۔ ایک گھنٹے انتظار کرتے رہے جس کے بعد موبائل فون سے سکرین ریکارڈ کر کے ہمیں دے دی گئی جس میں اسد شاہ اور فاطمہ کو ایک ہی کمرے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزم اسد شاہ کی والدہ نے دونوں کے ایک کمرے میں موجود ہونے پر دعوٰ کیا کہ ان ملازمائوں کو چھوٹے بچوں کی وجہ سے کمرے میں رکھا جاتا تھا۔ حسن کا کہنا تھا کہ جب یہ ویڈیو فاطمہ کے والدین اور رشتے داروں کو دکھائی تو کسی کو اعتبار نہیں آرہا تھا، فاطمہ کی تدفین سے پہلے غسل کراتے وقت اس کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔
حسن کے مطابق اس کے ایک کزن سے فاطمہ کو غسل دینے سے پہلے بھی ایک ویڈیو بنائی تھی جو بعدازاں سوشل میڈیا پر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ شیئر ہونے لگی۔ حویلی کی ایک ملازم نے بی بی سی سے گفتگو میں تصدیق کی تھی کہ اس پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا اور وہ اس کی چشم دید گواہ ہے جبکہ ہمیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
ملازمہ کے مطابق فاطمہ سے کسی کام میں غلطی ہو جاتی تو بی بی کہتی میں تمہارا خون پی جائوں گی، مار ڈالوں گی۔ ہمیں کہا جاتا کہ گرم پانی پیو، بچ جانے والا کھانا ہمیں دیا جاتا اور جب رات 4 سے 5 بجے کے قریب بچے سوجاتے تو ہمیں اس کے بعد سونے کی اجازت ملتی تھی۔ صبح 10 بجے تک ہمیں اٹھا دیا جاتا اور تشدد کے علاوہ بی بی کی طرف سے حکم دیا جاتا کہ "مجھے ہنسائو، آپس میں لڑو، ڈانس کرو"۔
ملازمہ کے مطابق فاطمہ کو تڑپتے دیکھ کر وہ حویلی سے بھاگ گئی تھی جس کے بعد اس نے درگاہ پر جا کر پناہ لی۔ پیر نے اس کے تعاقب میں کچھ لوگ بھیجے لیکن میرا اپنے رشتہ داروں سے رابطہ ہو گیا جو مجھے گائوں لے آئے۔ فاطمہ کے گائوں کی ایک اور خاتون نے بھی حویلی میں اپنی بیٹی کو ملازمہ رکھوایا ہوا تھا جسے وہ واپس چھوڑ آئیں۔
خاتون کا کہنا تھا کہ حنا بی بی نے میری 10 سالہ بیٹی کی آنکھ پر مکا مارا جس سے وہ دیکھنے سے قاصر ہو گئی تھی اور کہتی تھی کہ امی میرا سر گھوم رہا ہے۔ خاتون کے مطابق حنا بی بی نے ان کی بیٹی کے چہرے پر میک کر کے کہا کہ والد کو بتانا آنکھ پر ری ایکشن ہو گیا ہے ورنہ پھر سے ماروں گی جس کے بعد بیٹی کو واپس گائوں لے آئی جہاں پیر دوبارہ اسے لینے آیا تو وہ ڈر کر کھیتوں میں بھاگ گئیں۔
Advertisement





