Advertisement

جنگ نیوز سے وابستہ صحافی پولیس کی جانب سے اٹھائے جانے کے بعد لاپتہ

12maskarilapatata.jpg

ذرائع کے مطابق پاکستان کے معروف اخبار روزنامہ جنگ سے تعلق رکھنے والے سینئر رپورٹر سید محمد عسکری کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

سیدمحمد عسکری رات گئے محمود آباد میں واقع شادی ہال میں شادی کی تقریبسے واپس آ رہے تھے کہ کورنگی روڈ قیوم آباد انٹرچینج کے قریب سے مبینہ طور پر پولیس اور سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم نقاب پوش افراد کوئی وجہ بتائے بغیر انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔سید محمد عسکری شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد ایک اور آدمی کے ساتھ گھر واپس جا رہے تھے۔

سید محمد عسکری کے ساتھ موجود شخص نے بتایا کہ گھر واپس جاتے ہوئے جب ہم ایکسپریس وے پر بلوچ کالونی کی طرف سے جانے والی سڑک پر پہنچے تو ایک سفید رنگ کی کار نے ہمیں روکا جس کے ساتھ پولیس موبائل وین بھی موجود تھی۔

انہوں نے نامعلوم پولیس اہلکاروں کو اپنا تعارف بھی کروایا کہ میرا تعلق روزنامہ جنگ سے ہے لیکن وہ ان کو زدوکوب کرتے ہوئے گاڑی سے اتار کر موبائل میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔

سید محمد عسکری کے ساتھ موجود شخص کا موبائل فون چھین کر اسے چھوڑ دیا گیا، واقعہ رات 12 بجے کے قریب پیش آیا، جب ان کے ساتھی نے واقعے کی اطلاع مددگار 15 کو دی تو فون سننے والے اہلکار نے متعلقہ تھانے سے رجوع کرنے کا کہا۔ واقعے بارے زمان ٹائون تھانے کے ایس ایچ او رفیق کو اطلاع دی گئی لیکن پولیس کی طرف سے اب تک واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے، واقعے کے حوالے سے مزید معلومات جمع کر رہے ہیں لیکن اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا کہ انہیں کون اور کس سلسلے میں لے کر گیا ہے؟ سید محمد عسکری کے اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔


یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی کراچی میں بہت سے صحافیوں کے ساتھ اغوا کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداران کے علاوہ یونین آف جرنلسٹس اور صدر ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن قاسم خان ودیگر عہدیداران نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد کا صحافیوں کو سرعام اغواء کرنا قابل مذمت ہے، سید محمد عسکری کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔

دریں اثنا سینئر صحافی اسد علی طور نے اپنے ٹویٹر پیغام میں خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ: روزنامہ جنگ کے سینئر صحافی کو "مین ان یونیفارم" نے کراچی میں اغواء کر لیا ہے!

Loading X post…
Open original post on X

خبر پرردعمل دیتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ: یہ بالکل ٹھیک ہوا ہے! عمران ریاض خان یوٹیوبر ہے اس لیے ان کی گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس لیے دوسرے صحافی بھی اب اس واقعے سے لطف اندوز ہوں۔